گلستان جوہر بلاک 10 میں رہائشی عمارت یاسر ٹیرس فیز ٹو کے 2 بلاکس سی اور ڈی میں دراڑیں پڑ گئیں۔
عمارت کے اطراف کی زمین بھی پھٹ گئی جبکہ عمارت بھی ایک جانب جھک چکی ہے، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور ریسکیو کا عملہ بھی اطلاع ملتے ہی پہنچ گیا ہے، ایس بی سی اے حکام کے مطابق عمارت کو فوری طور پر خالی کرایا جا رہا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ عمارت کے دونوں بلاکس میں 60 سے زائد فلیٹس ہیں جن میں 300 سے زائد افراد رہائش پذیر ہیں، جنہیں عمارت سے نکالا جارہا ہے۔
یاسر ٹیرس فیز ٹو کے دونوں متاثرہ بلاکس خالی کروالیے گئے، ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے کا کہنا ہے کہ صبح یہاں دھماکا ہوا تھا، پیچھے نالہ چل رہا ہے جس کی وجہ سے زمین بیٹھ رہی ہے اور عمارت کو نیچے سے نقصان ہورہا ہے، ابھی ہماری ٹیمیں دورہ کر رہی ہے جلد کسی اپڈیٹ سے آگاہ کریں گے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ صبح دھماکا ہوا تھا جس کے بعد عمارت میں دراڑیں پڑنا شروع ہوئیں اور رہائشیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بلڈنگ خالی کرنا شروع کی، بعدازاں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا عملہ پہنچا۔
ایس بی سی اے حکام کا کہنا تھا کہ گلستان جوہر بلاک 10 میں یاسر ٹیرس کے دو بلاکس متاثر ہوئے، بلاک سی اور ڈی ٹیڑھے ہوئے، عمارت کے دونوں بلاک نالے کے ساتھ موجود ہیں، عمارت کے قریبی واقع سڑک بھی چند ماہ قبل دھنس گئی تھی، متاثرہ عمارت کے 60 فلیٹس کو خالی کرایا گیا ہے اور گیس، بجلی کے کنکشنز بھی منقطع کردیئے گئے ہیں جبکہ عمارت کے اطراف تعمیر 20 سے زائد مکانات کو خالی کرانے کے لیے نوٹسز دیئے جارہے ہیں۔