بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ایک گھریلو تنازع اس وقت سنگین صورت اختیار کر گیا جب سموسوں کی بات پر شروع ہونے والا جھگڑا شدید تشدد میں بدل گیا۔ نتیجتاً ایک شخص کو زخمی حالت میں اسپتال لے جانا پڑا جبکہ پولیس نے چار افراد کے خلاف قتل کی کوشش سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق انندپور کے رہائشی شیوم اپنی بیوی سنگیتا کے لیے سموسے نہ لائے، جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔ اگلے ہی روز سنگیتا نے اپنے والدین اور ماموں کو بلا لیا، اور گاؤں کے سابق سربراہ اودھیش شرما کی موجودگی میں پنچایت طلب کی گئی۔ تاہم بات سلجھنے کے بجائے جھگڑا شدت اختیار کر گیا اور سنگیتا اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ شیوم پر ٹوٹ پڑی۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے جس میں متاثرہ شخص اور اس کے اہلخانہ کو تشدد کا نشانہ بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔ بیوی نے تو چلتی موٹر سائیکل پر ہی شوہر کو چپلوں سے مارا، جس پر لوگ حیرت میں مبتلا ہیں۔
پولیس کے مطابق شیوم کی والدہ وجے کماری نے تحریری شکایت درج کرائی ہے، جس کے بعد سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ گاؤں میں خوف اور کشیدگی کی فضا پائی جاتی ہے۔