صرف فٹ گاڑیاں سڑکوں پر چل سکیں گی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان

ہماری ویب  |  Aug 28, 2025

صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان حیات کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبے میں صرف فٹ گاڑیوں کو ہی سڑکوں پر چلنے کی اجازت ہوگی، بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات تشویشناک صورتحال اختیار کرچکے ہیں اس کے سدباب کے لیے مزید قانون سازی کی ضرورت ہے۔

ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسافر بسوں کے خفیہ خانوں میں سامان لے جانے کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے گی کیونکہ یہ انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہے خفیہ خانوں میں غیر قانونی اشیا لے جانا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ کئی جان لیوا حادثات کی بنیادی وجہ بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کا فٹنس سرٹیفکیٹ چیک کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ حادثات کی شرح کم کی جا سکے۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ مختلف کارروائیوں کے دوران اب تک 125 بسیں ضبط کی جاچکی ہیں جن کی مالیت ایک ارب روپے سے زائد ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ اس اقدام سے ٹرانسپورٹ انڈسٹری متاثر ہوئی ہے لیکن انسانی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات کاکڑ نے ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More