ترکیے نے دفاعی صنعت میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے مقامی ساختہ فضائی دفاعی نظام اسٹیل ڈوم تیار کر لیا ہے۔ صدر رجب طیب اردوان نے اس نظام کا باضابطہ افتتاح کیا اور اسے ترکیے کی سلامتی اور دفاعی خود انحصاری کے لیے ایک تاریخی قدم قرار دیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں صدر اردوان کا کہنا تھا کہ اسٹیل ڈوم ترکیے کی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو ایک نئے مقام تک لے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک کے پاس اپنا ریڈار، فضائی دفاعی اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹم نہ ہو وہ مستقبل میں اپنی بقا کو محفوظ نہیں رکھ سکتا۔
صدر اردوان نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں 47 جدید فوجی گاڑیاں شامل ہیں جن کی مالیت 460 ملین ڈالر ہے۔ یہ سسٹم ترکیے کے دوستوں کے لیے اعتماد اور دشمنوں کے لیے خوف کی علامت ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں ترک حکومت نے اس منصوبے کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد زمینی و سمندری دفاعی پلیٹ فارمز اور سینسرز کو ایک نیٹ ورک میں ضم کرکے ترکیے کی فضائی حدود کو محفوظ بنانا ہے۔