بلوچستان : سیاہ کاری کا الزام، 2 خواتین سمیت 4 افراد قتل، عورت فاؤنڈیشن کی مذمت

ہماری ویب  |  Aug 27, 2025

بلوچستان میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران سیاہ کاری کے دو المناک واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں دو خواتین سمیت چار افراد کو قتل کردیا گیا۔

پہلا واقعہ ضلع خضدار کی تحصیل زہری میں گزشتہ شب پیش آیا، جہاں سیاہ کاری کے شبہے میں ایک شخص نے اپنی اہلیہ مسمات (ر) کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور بیوی کے ساتھ مبینہ ناجائز تعلق کے شبہے میں ایک شخص کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا، تاہم لیویز نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

دوسرا واقعہ ضلع بولان کے علاقے بھاگ کے نواحی گاؤں غلام مصطفیٰ پسر مغیری میں پیش آیا، جہاں احمد خان قوم ہالا نے اپنی بیوی (ر) اور ایک شخص محمد آصف ولد فاضل قوم ہالا کو گولی مار کر قتل کردیا۔ ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا۔ بھاگ لیویز نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

عورت فاؤنڈیشن اور EVAWG الائنس نے مذکورہ لرزہ خیز واقعات پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں خواتین اور بچیوں پر بڑھتے بہیمانہ تشدد کے واقعات نہ صرف انسانی اقدار اور سماجی تحفظ کے منافی ہیں بلکہ ریاستی دعوؤں کی بھی نفی کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ حالیہ دنوں میں خضدار، بھاگ، مستونگ، اوستہ محمد، سریاب، خروٹ آباد اور دیگر علاقوں سے رپورٹ ہونے والے دل دہلا دینے والے واقعات ہیں، جن میں سیاہ کاری کے شبہے میں قتل، غیرت کے نام پر بیوی کا قتل، بچیوں کا گلا گھونٹ کر مار دینا، والد کی بیٹی سے مبینہ جنسی زیادتی اور قریبی رشتہ داروں کی جانب سے چالاکی کے ذریعے معصوم بچیوں کو قتل کرنا شامل ہے، بلوچستان کی ایک نہایت خوفناک اور افسوسناک تصویر پیش کرتے ہیں۔

عورت فاؤنڈیشن اور EVAWG الائنس نے حکومتِ بلوچستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے مجرمانہ واقعات کی روک تھام اور خواتین و بچیوں کے تحفظ کے لیے فوری، مؤثر اور سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ صوبے کی خواتین اور بچیوں کو محفوظ مستقبل فراہم کیا جاسکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More