پی ٹی آئی کا این اے 129 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان

ہماری ویب  |  Aug 27, 2025

پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ حلقہ این اے 129لاہور کے ضمنی انتخاب میں حصہ لیا جائے گا۔ یہ فیصلہ گزشتہ رات اسلام آباد میں زوم پر ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق سیاسی کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے سیاسی معاملات پر مکمل اعتماد کمیٹی کے سپرد کیا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ میاں اظہر کی وفات کے بعد خالی ہونے والی نشست پر امیدوار کھڑا کیا جائے گا۔

اعلامیے میں توشہ خانہ ٹرائل کی اڈیالہ جیل میں روزانہ سماعت پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور مؤقف اختیار کیا گیا کہ روزانہ سماعت سے ملزمان کے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے اور انصاف کی فراہمی میں بھی رکاوٹ پیدا ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ 9 مئی کے مقدمات میں نااہلی پانے والے ارکان پارٹی کے حقیقی نمائندہ ہیں اور ان کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ نااہل ارکان کے حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ارکان کو قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ اور رکنیت سے بھی فوری طور پر مستعفی ہونے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ خان نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کی ہدایت کی اور کہا تھا کہ الیکشن میں جانے سے پارٹی کو نقصان ہوگا لیکن سیاسی کمیٹی نے اب فیصلہ کیا ہے کہ این اے 129 میں امیدوار کھڑا کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More