اگست کے مہینے میں یومِ آزادی کے ساتھ مزید چھٹیاں جڑنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ اگر تمام عوامل اپنی جگہ قائم رہے، تو عوام کو اگست کے وسط میں ایک ساتھ چار تعطیلات مل سکتی ہیں
نجی چینل کے مطابق کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 14 اگست، بروز جمعرات، یومِ آزادی پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ اس کے اگلے ہی دن یعنی 15 اگست کو چہلمِ امام حسینؓ منایا جائے گا، جو اگرچہ وفاقی سطح پر باضابطہ چھٹیوں میں شامل نہیں، مگر صوبائی حکومتیں اسے مقامی تعطیل کے طور پر نافذ کر سکتی ہیں۔
گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی کراچی، راولپنڈی اور کچھ دیگر شہروں میں چہلم کے موقع پر عام تعطیل دیے جانے کا امکان ہے۔ اگر ایسا ہوا تو جمعرات 14 اگست اور جمعہ 15 اگست کے بعد ہفتہ اور اتوار یعنی 16 اور 17 اگست کو معمول کے مطابق ویک اینڈ کی تعطیلات ہوں گی۔
ادھر انتظامیہ کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے کہ یومِ آزادی اور چہلم کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔