ایرانی صدر کی وزیراعظم ہاؤس آمد، ملاقات میں معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع

ہماری ویب  |  Aug 03, 2025

ایران کے صدر مسعود پزشکیان شہباز شریف سے ملاقات کے لیے وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے۔

ایران کے صدر مسعود پزشکیان دو روزہ سرکاری دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچے تھے، صدر مسعود پزشکیان نے مزار اقبال پر حاضری اور صدر پاکستان مسلم لیگ نواز شریف سے بھی ملاقات کی تھی۔

آج ایران کے صدر پاکستان میں مصروف دن گزاریں گے، ایرانی صدر کی وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقاتیں طے ہیں۔

صدر مسعود پزشکیان کے وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ایرانی صدر کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بجائی گئیں، چاق و چوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی، ایرانی صدر نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا بھی لگایا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں باہمی تعاون کے معاملات پر تبادلہ خیال کے علاوہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔

ایرانی صدر کی آج شام صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات شیڈول ہے۔ ذرائع کے مطابق باہمی ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات کے فروغ، توانائی و تجارت میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More