خیبر پختونخوا : اسامیوں سے زائد تعیناتیاں اور ترقیاں، تنخواہ ادائیگی میں مشکلات

ہماری ویب  |  Aug 01, 2025

محکمہ مال خیبر پختونخوا میں اسامیاں نا ہونےکے باوجود تحصیلداروں کی ترقیاں اور تعیناتیاں تو کر دی گئیں تاہم اب ان کی تنخواہوں کی ادائیگی ایک بڑا مسئلہ بن گئی ہے۔ بورڈ آف ریونیو نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ تحصیلداروں کی تنخواہیں دیگر محکموں کی خالی اسامیوں سے ادا کی جائیں۔

ذرائع کے مطابق بڑی تعداد میں گرداوروں کو ترقی دے کر تحصیلدار تعینات کر دیا گیا ہے جس کے باعث تنخواہوں کی ادائیگی کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔

بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اسکیل 16 کے عبدالکریم کو تحصیلدار سروس ڈیلوری سینٹر نوشہرہ، اسکیل 14 کے نائب تحصیلدار کو خوازہ خیلہ سوات، اسداللہ کو بابوزئی سوات اور راجہ سعد احمد کو ہوتی مردان سرکل میں تعینات کیا گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر نوشہرہ سے کہا گیا ہے کہ عبدالکریم کی تنخواہ کسی بھی محکمہ کی اسکیل 16 کی خالی اسامی سے ادا کی جائے جبکہ ڈپٹی کمشنر سوات سے کہا گیا ہے کہ نائب تحصیلدار کی تنخواہ اسکیل 14 کی کسی بھی خالی اسامی سے دی جائے۔

ذرائع کے مطابق بورڈ آف ریونیو نے تحصیلداروں کی تعیناتی اور ترقی تو کردی ہے تاہم ان کے پاس منظور شدہ اسامیاں کم ہیں اور اسامیوں کی تعداد سے زیادہ تعیناتیاں اور ترقیاں کی گئی ہیں جس کے باعث اب تنخواہوں کی ادائیگی میں مشکلات درپیش ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More