چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے نو تعمیر شدہ سریاب جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح کردیا

ہماری ویب  |  Jul 29, 2025

چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان، جناب جسٹس روزی خان بڑیچ نے سریاب میں نو تعمیر شدہ جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح کردیا۔

اس موقع پر انھوں نے عدالتی نظام میں بہتری، شفافیت اور سستے و بروقت انصاف کی فراہمی پر زور دیا۔ چیف جسٹس روزی خان بڑیچ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس جدید جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر سے علاقے کے عوام کو بروقت اور سستا انصاف مہیا ہوگا اور انہیں اپنے قانونی مسائل کے حل کے لیے شہر کے وسط میں واقع ضلعی کچہری کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف عوام کے وقت اور وسائل کی بچت کا باعث بنے گا بلکہ انصاف تک آسان رسائی کو بھی یقینی بنائے گا۔ چیف جسٹس نے عدالتی نظام کے مختلف پہلوؤں پر بات کرتے ہوئے ججز اور وکلاء پر زور دیا کہ وہ انصاف کی فراہمی میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور عوام کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ججز اور وکلاء کو چاہیے کہ وہ "غلط کو غلط" کہنے کا حوصلہ رکھیں اور اپنے فیصلوں میں غیر ضروری التوا اور سٹے آرڈرز سے گریز کریں۔ انہوں نے سائلین کو درپیش مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کی اولین ترجیح یہی ہونی چاہیے کہ انصاف کے طلبگار افراد کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ ہو۔

چیف جسٹس نے ججز کو ہدایت کی کہ مقدمات کی بروقت اور قانون کے مطابق جانچ پڑتال کر کے انہیں نمٹایا جائے تاکہ نظامِ انصاف پر عوام کا اعتماد بحال رہے۔ اپنے خطاب میں چیف جسٹس روزی خان بڑیچ نے وکلاء برادری پر زور دیا کہ وہ اپنے اندر موجود "کالی بھیڑوں" کی نشاندہی کریں اور انہیں اپنے درمیان سے نکال باہر کریں۔

انہوں نے بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی واضح کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوان عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ آخر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس جوڈیشل کمپلیکس سے نہ صرف سائلین کو سہولت میسر آئے گی بلکہ عدالتی نظام کی ساکھ اور کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More