امریکی محکمہ خارجہ کی اعلیٰ عہدیدار الزبتھ ہورسٹ نے کراچی کا دو روزہ دورہ کیا، دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو فروغ دینا اور تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری کے نئے امکانات تلاش کرنا تھا۔
دورے کے دوران الزبتھ ہورسٹ نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی معاشی ترجیحات، نجی شعبے کے فروغ، اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
الزبتھ ہورسٹ نے امریکی بزنس کونسل اور پاکستانی کاروباری نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں جس میں امریکہ-پاکستان تجارتی تعاون بڑھانے، نجی شعبے کی شمولیت اور کاروباری مواقع میں وسعت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں انہوں نے ساؤتھ ایشین ریجنل ویمن انوویٹرز مینٹر شپ پروگرام میں شامل پاکستانی خواتین سے ملاقات کی اور خواتین کی معاشی خودمختاری اور ٹیکنالوجی میں امریکی اقدامات کو اجاگر کیا۔
الزبتھ ہورسٹ نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان اقتصادی شراکت داری کی طویل تاریخ ہے باہمی تعاون سے ہم پاکستان کی معیشت کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لا سکتے ہیں اور دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اعلیٰ سطح کا یہ دورہ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ اقتصادی شراکت، باہمی خوشحالی اور ترقی کے لیے دیرپا عزم کی عکاسی کرتا ہے جو امریکہ کی اقتصادی نمو میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ خارجہ کے بیورو برائے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور میں الزبتھ ہورسٹ پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں جبکہ جولائی 2022 سے جولائی 2025 تک وہ پاکستان کے لیے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری کے عہدے پر فائز رہیں۔