انوکھا اور لمبا ترین سورج گرہن۔۔ یہ کب ہوگا اور کیا خاص بات ہوگی؟ ماہرین نے بتا دیا

ہماری ویب  |  Jul 22, 2025

دنیا کے مختلف ممالک میں 2 اگست 2027 کو ایک ایسا مکمل سورج گرہن ہونے جا رہا ہے جو کئی لحاظ سے خاص اور یادگار ہوگا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ گرہن 6 منٹ 23 سیکنڈ تک مکمل اندھیرا پیدا کرے گا، جو عام سورج گرہن سے کہیں زیادہ طویل ہوگا۔ عام طور پر سورج گرہن صرف 2 سے 3 منٹ تک مکمل ہوتا ہے، لیکن یہ گرہن اس سے دُگنا وقت لے گا۔

یہ سورج گرہن اس لیے اتنا خاص ہوگا کیونکہ اُس وقت زمین، سورج سے تھوڑا دُور ہوگی، اور چاند، زمین کے بالکل قریب ہوگا۔ چاند زمین اور سورج کے بیچ آ کر سورج کو مکمل طور پر ڈھانپ لے گا، جس سے دن کے وقت اچانک اندھیرا چھا جائے گا، جیسے رات ہو گئی ہو۔ ستارے بھی دکھائی دینے لگیں گے، اور سورج کا وہ حصہ نظر آئے گا جو عام دنوں میں نہیں دیکھا جا سکتا۔

یہ گرہن یورپ، شمالی افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ کے بہت سے ممالک میں مکمل نظر آئے گا۔ جن شہروں میں سورج گرہن سب سے زیادہ اور صاف دکھائی دے گا ان میں اسپین، مراکش، مصر، لیبیا اور سعودی عرب شامل ہیں۔ مصر کا شہر "لُکسور" اس دوران گرہن دیکھنے کے لیے بہترین جگہوں میں سے ایک ہوگا کیونکہ وہاں موسم صاف رہتا ہے۔

اگر آپ ان علاقوں میں موجود نہیں ہوں گے، تب بھی آپ کو پاکستان سمیت کئی دوسرے ملکوں میں سورج کا جزوی گرہن ضرور دکھائی دے گا۔ البتہ مکمل گرہن کا منظر صرف اُنہی علاقوں میں دکھائی دے گا جہاں چاند سورج کو پورا ڈھانپے گا۔

ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ سورج گرہن کو بغیر حفاظتی چشمے کے ہرگز نہ دیکھیں۔ عام دھوپ کے چشمے استعمال نہ کریں، بلکہ خاص طور پر سورج گرہن دیکھنے کے لیے بنائے گئے چشمے یا فلٹرز ہی استعمال کیے جائیں، ورنہ آنکھوں کو نقصان ہو سکتا ہے۔

یہ ایک بہت ہی خوبصورت اور یادگار منظر ہوگا، اور جو لوگ فلکیاتی مناظر میں دلچسپی رکھتے ہیں، اُن کے لیے یہ ایک نایاب موقع ہے۔ اگلی بار اتنا لمبا سورج گرہن شاید ہمارے دور میں دوبارہ نہ ہو، اس لیے اگر ممکن ہو تو 2 اگست 2027 کا دن یاد رکھیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More