اپوزیشن عدالت جائے گی۔۔ خیبرپختونخوا میں حلف نہ لینے پر سیاسی تنازع

ہماری ویب  |  Jul 20, 2025

خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس میں مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں سے حلف نہ لینے پر اپوزیشن لیڈر نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا۔ صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد نے اپوزیشن ارکان کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ غیر آئینی کام کے لئے رات 12 بجے بھی سیشن بلاتے ہیں، سیاسی نابالغ 12 سال سے خیبر پختونخوا میں بیٹھے ہیں۔ پی ٹی آئی نے گورننس اور دیگر چیزوں میں تباہی کی، اب پی ٹی آئی والے اسمبلی کے ساتھ بھی کھلواڑ کر رہے ہیں۔ یہ چاہتے ہیں سیاسی اسپیس کسی اور کے حوالے نہ کرو۔ آج کا اجلاس حکومت نے طلب کیا ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایوان کا کورم پورا کریں۔

انہوں نے کہا کہ قیدی نمبر 804 ہے یا پتہ نہیں 420 ہے، اگر حلف برداری ابھی نہیں ہوئی تو شام کو یا کل ہو جائے گی۔ ایک سال سے سینیٹ میں خیبر پختونخوا صوبے کی نمائندگی نہیں ہے، 50 فیصد خواتین کی نمائندگی نہیں ہے، ایوان میں اقلیتوں کی نمائندگی نہیں ہے اور یہ حلف نہیں لے رہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا سیاسی نابالغوں کے ہاتھوں میں ہے، آئینی کام میں تاخیر کی جا رہی ہے، کورم پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے، یہ کہہ رہے تھے دو تہائی اکثریت ہے لیکن کورم بھی پورا نہیں کر سکے۔ یہ کہاں کی جمہوریت ہے؟ سینیٹ الیکشن ضرور ہوں گے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم چیف جسٹس کو درخواست دے رہے ہیں، چیف جسٹس کے پاس اختیار ہے کہ آرٹیکل 255 بی کے تحت وہ کسی کو منتخب کر لیں یا خود حلف لے لیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More