انڈیا کے معروف اداکار الو ارجن اپنی نئی فلم میں ایک نہیں بلکہ چار مختلف کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ فلم معروف ہدایت کار ایٹلی کی ہدایت کاری میں بننے جا رہی ہے، جس کا نام عارضی طور پر ’اے ٹو ٹو ایکس اے سکس‘ رکھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق الو ارجن اس فلم میں دادا، والد اور دو بیٹوں کے کردار نبھائیں گے۔ مزید اطلاعات یہ بھی ہیں کہ فلم کی کہانی دو متوازی دنیاؤں (پیرالل یونیورسز) پر مبنی ہو سکتی ہے تاہم فلم سازوں کی جانب سے ان خبروں کی باضابطہ تصدیق ابھی تک نہیں کی گئی۔
’اے ٹو ٹو ایکس اے سکس‘ پہلے ہی سے فلمی دنیا کا ایک متوقع اور بڑے بجٹ کا منصوبہ بن چکی ہے۔
جون میں فلم کے ہدایت کار ایٹلی نے باقاعدہ طور پر اداکارہ دیپیکا پاڈوکون کو فلم کا حصہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ اس فلم کو بنانے والے پروڈکشن ہاؤس ’سن پیکچرز‘ نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایٹلی کو دپیکا کو فلم کا سکرپٹ سناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس ویڈیو میں دپیکا کا ایک موشن کیپچر شوٹ بھی دکھایا گیا ہے جس میں وہ ماہارانی جیسا کردار ادا کرتی نظر آئی ہیں۔ انہیں اس سین میں تلوار تھامے گھوڑا دوڑاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
یہ فلم اپنی نوعیت کا ایک منفرد منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے جو انڈین سنیما میں ایک نئی راہ متعین کرنے کی کوشش کرے گا۔ ’سن پکچرز‘ کی جانب سے جاری کردہ ایک ابتدائی ویڈیو میں کچھ بین الاقوامی ماہرین کو فلم کا سکرپٹ پڑھتے اور اس پر تبصرہ کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
’ٹرانسفارمز‘، ’آئرن مین ٹو‘ اور ’رائز آف دی بیسٹ‘ جیسی بڑی فلموں میں کام کرنے والے وی ایف ایکس ماہر جیمز میڈیگن کا کہنا ہے کہ ’میں نے ابھی سکرپٹ پڑھا ہے اور میں کہوں گا کہ میرا ذہن ابھی تک گھوم رہا ہے۔‘
اسی ویڈیو میں الو ارجن کو فلم ساز مائیک ایلیزالڈے سے سکرپٹ پر رائے لیتے دکھایا گیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’یہ سکرپٹ ایسی چیز ہے جیسا میں نے پہلے کبھی نہیں پڑھا۔ یہ سب سے بہترین ہے جسے میں تخلیق کرنا چاہوں گا۔‘
آسکر ایوارڈ یافتہ وی ایف ایکس ڈائریکٹر جسٹن ریلی کہتے ہیں کہ ’اس کہانی کو پڑھ کر مجھے بہت جوش آیا ہے، خاص طور پر اس میں موجود تمام مخلوقاتی اور کرداروں کی تخلیقی صلاحیت کو دیکھ کر۔‘
فلم کے حوالے سے سامنے آنے والی انٹرنینشل فلم میکرز کے ردعمل اس بات کا عندیہ دے رہی ہیں کہ ’اے ٹو ٹو ایکس اے سکس‘ نہ صرف الو ارجن کے کیریئر کا بڑا پروجیکٹ ہو گا بلکہ بالی وُڈ کے لیے بھی ایک نیا سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔{