موٹر سائیکل سواروں کو مہلت مل گئی، کب تک پرانی نمبر پلیٹس پر چالان نہیں ہوگا؟

ہماری ویب  |  Jul 14, 2025

صوبائی وزیر ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ نے کہا ہے کہ 14 اگست کے بعد جعلی نمبر پلیٹس اور پرانی نمبر پلیٹس قابل قبول نہیں ہوں گی، شہری ایکسائز ڈپارٹمنٹ سے نمبر پلیٹ کا ٹوکن حاصل کر لیں گے تو چالان سے بچ سکتے ہیں۔

صوبائی وزیر ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ نے "ہماری ویب" سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ نمبرپلیٹس کے حوالے سے 14 اگست تک شہر میں کسی شہری کا چالان نہیں ہوگا، اس نئی نمبر پلیٹس میں جدید سیکورٹی فیچرڈ متعارف کرائے گئے ہیں جو سیف سٹی پروجیکٹ کاحصہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ڈیڈ لائن آگے بڑھے گی یا نہیں اس کا فیصلہ اگست کے پہلے ہفتے میں کریں گے۔

اجرک والی نمبر پلیٹ 2021 میں متعارف کروائی گئی تھی، 2022 میں اسے پہلی بار عوام کےلیے جاری کیا گیا اور 2022 سے 2025 تک 20 لاکھ نمبر پلیٹس جاری کی جاچکی ہیں، پورے سندھ میں تقریباً ً~10 سے 12 لاکھ موٹر سائیکل جبکہ 8 لاکھ پرائیویٹ اور کمرشل گاڑیوں کو دی جاچکی ہیں اور کام تیزی سے جاری ہے، شہری اپنی نمبر پلیٹس کا آن لائن بھی پتہ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس نئی گاڑیوں کی تقریباً 20 ہزار سے زائد نمبر پلیٹس تیار ہیں اور اب نئی گاڑی یا موٹر سائیکل کو یہ سکیورٹی فیچر والی نمبر پلیٹ ہی جاری ہو رہی ہیں، جو پرانی گاڑیاں یا موٹر سائیکل والے ہیں ان کو بھی ہم نمبر پلیٹ کا ٹوکن جاری کر دیں گے جس سے کم از کم نمبر پلیٹ پر کسی کا ٹریفک چالان نہیں ہوگا، نئی نمبر پلیٹس کےحصول اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے آن لائن سسٹم موجود ہیں، شہری اپنی نمبر پلیٹ کے لیے بھی آن لائن پتہ کرسکتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے بتا یا کہ این ٹی آر سی سے پورے صوبہ پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی نمبر پلیٹس بن رہی ہیں، اس نمبر پلیٹس کی قیمت براہ راست نیشنل بینک کے اکاؤنٹ میں جارہی ہیں جسے اسٹیٹ بینک مانیٹر کر رہا ہے، لہٰذا اب نمبر پلیٹس کی قیمت پر کوئی کرپشن نہیں ہو سکتی۔

صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا تھا کہ ہرکسی کی ثقافت ہوتی ہے اجرک سندھ کی ثقافت ہے، نئی نمبرپلیٹس پر ہم نے اجرک کا ڈیزائن بنایا ہے، جدید سکیورٹی فیچرڈ نمبر پلیٹس این آر ٹی سی بناکر دے رہا ہے، گاڑی چوری ہونے پر کسی دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال نہیں کی جاسکیں گی، جیسے ہی سیف سٹی کے کیمرے نمبر پلیٹس کو کیچ کریں گے تو ایسی صورت میں اس موٹر سائیکل یا گاڑی کا پورا ڈیٹا اسکرین پر آجائے گا۔

دوسری جانب عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ مارکیٹ سے جعلی نمبر پلیٹس، فری بانٹنے والوں پر وقت اور پیسہ ضائع نہ کریں کیونکہ کسی شخص یا دکاندار کو نمبر پلیٹ جاری کرنے کا اختیار نہیں، نمبر پلیٹ صرف حکومت جاری کرسکتی ہے اور نئی نمبر پلیٹس سیفٹی اور سکیورٹی کے لیے لگانا ضروری ہے، نئی نمبر پلیٹس کا براہ راست تعلق سیف سٹی سے ہے جس ے ٹریفک کے نظام میں بھی بہتری آئے گی کیونکہ نئی نمبر پلیٹس صرف مالکان کو ہی جاری کی جائیں گی جس سے گاڑی خریدنے اور بیچنے والا بھی فوری اندراج کروائے گا۔

عوام کے بڑھتے رش و سہولت کے لیے سوک سینٹر کراچی میں قائم موٹر رجسٹریشن ونگ ہفتہ اور اتوار کو بھی کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کا نوٹیفکیشن جاری ہوچکا ہے، سوک سینٹر کراچی میں موٹر رجسٹریشن ونگ ہفتہ اور اتوار کو صبح 10 تا 4 بجے تک کھلا رہے گا، ہفتہ اور اتوار موٹر سائیکل ملکیت کی منتقلی، کار و موٹر سائیکل نمبر پلیٹس کے اجراء، رسید اور واجبات کی ادائیگی کے لیے مختص رہیں گے یہ فیصلہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے حصول کے لیے عوام کے بڑھتے رش اور سہولت کے باعث کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More