ترکیہ کے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کی پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقات

اردو نیوز  |  Jul 09, 2025

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور قومی دفاع کے وزیر یاسر گلر نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق بدھ کو ہونے والی اس ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اور دیگر اعلٰی حکام موجود تھے۔

ترک وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا جو مشترکہ تاریخ، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔انہوں نے دوطرفہ تعلقات کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ترکیہ کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان کے ساتھ ہونے والی اپنی حالیہ ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان ترکیہ تعلقات کو سٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید بہتر ہوں گے جس سے کثیر جہتی شعبوں میں تعاون کو تقویت ملے گی۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’دونوں ممالک ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کے لیے اپنی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گے۔‘انہوں نے تیزی سے بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی ماحول بالخصوص غزہ اور ایران کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے انڈیا کے ساتھ حالیہ تنازعے کے دوران پاکستان کی مستقل حمایت پر تُرک قوم اور قیادت کا ایک بار پھر شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت کو پانچ ارب ڈالر تک لے جانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے ترک کمپنیوں کو پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کا دائرہ بڑھانے کی دعوت بھی دی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More