ڈمی اخبارات پر سائیں سرکار کی نوازشات، کروڑوں روپے کے اشتہارات

ہماری ویب  |  Jul 09, 2025

وزارت اطلاعات سندھ کی جانب سے گزشتہ سال 2023۔24 کے دوران مختلف ایسے اخبارات کو اشتہارات کی مد میں 14 کروڑ 91 لاکھ روپے سے زائد کے اشتہارات دیے گئے جن کی کوئی خاص سرکولیشن ہے اور نہ ہی وہ اسٹالوں پر دستیاب ہوتے ہیں۔

آڈیٹرز جنرل آف پاکستان کی آڈٹ رپورٹ 2024 ۔25 میں وزارت اطلاعات سندھ کی جانب سے ایسے روزنامہ یا ہفت روزہ یا ماہانہ اخبارات کو اشتہارات کی مد میں کروڑوں روپے کی ادائیگی کو قومی دولت کا ضیاع قرار دیتے ہوئے ذمہ داران کے تعین کی ہدایت کی گئی ہے۔

سوشل میڈیا کے دور میں گمنام اخبارات کو کروڑوں روپے کے اشتہارات کی ادائیگی کا معاملہ وزارت اطلاعات کے سامنے ستمبر 2024 میں اٹھایا گیا جس پر ڈپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی کی 13 نومبر 2024 کو میٹنگ ہوئی۔

اجلاس میں اخبارات کی اے بی سی سرٹیفکیٹ، اسٹالوں پر دستیابی کا ڈیٹا اور دیگر معلومات مانگی گئی لیکن وزارت اطلاعات کے حکام آڈٹ ٹیم کو اخبارات میں اشتہارات کی ریلیز میں میرٹ اور شفافیت کے حوالے سے مطمئن نہ کرسکے۔

آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزارت اطلاعات سندھ کی جانب سے اشتہارات دینے میں ایڈورٹائزمنٹ پالیسی 2023 کی خلاف وزری کی گئی ہے، رپورٹ میں ذمہ داران کا تعین کرنے اور یہ سلسلہ فوری بند کر نے کی سفارش کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ آڈٹ رپورٹ برائے مالی سال 2021۔22 میں 7 کروڑ 23 لاکھ روپے کے اشتہارات میں اسی قسم کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More