سندھ کابینہ میں 5 وزرا کے محکمے تبدیل کیے جانے کی بازگشت شروع ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق جن پانچ صوبائی وزرا کے محکموں کی تبدیلی کا امکان ہے ان میں سر فہرست صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی ہیں جبکہ دیگر وزرا میں ناصر حسین شاہ، جام اکرام اللہ دھاریجو، صوبائی وزیر محنت شاہد تھہیم اور شاہینہ شیر علی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 وزرا کے محکمے تبدیل کیے جائیں گے جبکہ 2 ایسے وزرا بھی ہیں جو آئندہ صوبائی کابینہ کا حصہ نہیں رہیں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ کئی دنوں سے صوبائی کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے صوبائی وزرا سمیت کئی ارکان سندھ اسمبلی بات کررہے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی وزرا کی کارکردگی کے حوالے رپورٹ معلوم کی ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے 4 ماہ قبل تمام وزرا کو اپنے محکموں کی کارکردگی بہتر کرنے کا کہا تھا تاہم کئی وزرا کی یہ شکایت بھی سامنے آئی ہے کہ وہ اپنے محکموں کو وقت نہیں دیتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو کارکردگی رپورٹ پیش کریں گے۔