بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین کردار ’جیٹھا لال‘ سے شہرت پانے والے اداکار دلیپ جوشی نے حال ہی میں اپنی حیران کن جسمانی تبدیلی سے سب کو چونکا دیا ہے۔ مزاح سے بھرے کرداروں کے لیے جانے جانے والے دلیپ جوشی اب پہلے سے کہیں زیادہ فٹ اور متحرک نظر آتے ہیں اور اس تبدیلی کا راز خود انہوں نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا ہے۔
دلیپ جوشی کے مطابق، انہوں نے نہ تو مہنگا جم جوائن کیا اور نہ ہی کوئی پیچیدہ ڈائٹ اپنائی۔ وہ روزانہ صرف چہل قدمی یا جاگنگ کو معمول کا حصہ بناتے رہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ روز تقریباً 45 منٹ دوڑ لگاتے تھے، اور یہی سادہ سی عادت انہیں ڈیڑھ ماہ میں 16 کلو وزن کم کرنے میں مدد دے گئی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ موسم کی سختی نے بھی ان کا حوصلہ کم نہ کیا۔ دلیپ کا کہنا تھا کہ بارش ہو یا گرمی، انہوں نے اپنا رُوٹین نہیں بدلا۔ ان کے مطابق، لوگ اکثر مصروفیات یا سہولتوں کی کمی کو بہانہ بناتے ہیں، مگر درحقیقت اگر عزم ہو تو کوئی بھی رکاوٹ راستہ نہیں روک سکتی۔
اداکار نے کہا کہ جسمانی فٹنس کے لیے صرف ارادہ اور تسلسل چاہیے ہوتا ہے، نہ کہ کوئی خاص جگہ یا مہنگا سامان۔ دلیپ جوشی کی یہ سنجیدہ سوچ اور عملی مثال ان سب لوگوں کے لیے ایک سادہ لیکن پُراثر پیغام ہے جو بہتر صحت چاہتے ہیں مگر ابتدا کرنے سے گھبراتے ہیں۔