وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، سینیٹر وقار مہدی اور آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے ہمراہ شہر میں مختلف مقامات پر نویں محرم الحرام کے جلوسوں کی سیکورٹی کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر داخلہ نے نمائش، نشتر پارک، حسینیاں ایرانیاں کھارادر اور اطراف میں سکیورٹی کا جائزہ لیا، سی بریز کے مقام پر آئی جی سندھ نے وزیر داخلہ کو سیکورٹی سے متعلق بریفنگ دی۔
ضیاءالحسن لنجار نے سیکورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کی ہدایت دی، وزیر داخلہ اور میئر کراچی نے جلوس منتظمین سے ملاقات کی اور سیکورٹی سمیت دیگر متعلقہ امور پر گفتگو کی۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ جلوس کی گزر گاہوں پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ روشنی کا مناسب انتظام کیا گیا ہے۔
آئی جی سندھ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جلوس کی گزرگاہوں کے علاوہ قریبی عمارتوں اور اطراف میں بھی سخت سیکورٹی یقینی بنائی گئی ہے۔
وزیرداخلہ کے ہمراہ ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، ڈی آئی جی ایسٹ، ایس ایس پی ایسٹ ودیگر پولیس افسران بھی موجود ہیں۔
وزیر داخلہ سندھ اور میئر کراچی نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں قائم مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سمیت سندھ اسمارٹ سرویلینس سسٹم (S-4) روم کا بھی دورہ کیا اور 9 محرم کے سکیورٹی انتظامات کے لیے جاری مانیٹرنگ اقدامات کا جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے افسران کو ہدایات دیں کہ سکیورٹی مانیٹرنگ کے عمل میں معمولی سے معمولی نوعیت کے مشاہدے کو بھی فالو کیا جائے۔ علاقوں میں انٹیلی جنس بڑھائے جانے سمیت شرپسندانہ سرگرمیوں کے انسداد کے لیے بروقت پولیس رسپانس دیا جائے۔ محرم کے حوالے سے سکیورٹی مانیٹرنگ، فالونگ اور مزید ضروری احکامات کا سلسلہ مزید مؤثر بنایا جائے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ مرکزی جلوس کے ہیڈ، ٹیل، درمیان اور اطراف کی مانیٹرنگ پر خصوصی فوکس ہے۔ ایس فور سسٹم پر ابھی کام چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس فور سسٹم پر نصب چہرہ شناس کیمراز جرائم کے خلاف جدید پولیسنگ کی ایک مثال ہے۔
ترجمان وزیر داخلہ سندھ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر ہر گز کان دھریں نہ ہی ردعمل دیں بلکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رہنمائی لیں۔