پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم اپنے تمام شراکت داروں کے شکر گزار ہیں جو پولیو کے خاتمے کے حوالے سے حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔وزیراعظم آفس کے مطابق جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اسلام آباد میں انسدادِ پولیو کی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں جو انسدادِ پولیو مہم میں پاکستان کا ہر طرح سے ساتھ دے رہے ہیں۔‘
’پاکستان میں انسداد پولیو مہم میں بل گیٹس فاؤنڈیشن سمیت تمام شراکت داروں نے بہت اہم اور قابل تحسین کردار ادا کیا ہے۔ اجلاس کو انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔‘وزیراعظم شہباز شریف نے انسداد پولیو کے لیے کوششیں مزید تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔‘’پولیو ورکرز کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، صوبائی حکومتوں سمیت تمام فریقوں کو پولیو کے خاتمے کے لیے یکجان ہو کر کام کرنا ہوگا۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’تمام تر مشکلات اور چیلنجز کے باوجود حکومت انسداد پولیو کے ہدف کو جلد حاصل کر لے گی، ہم پاکستان کے ہر بچے کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچانے اور پولیو فری پاکستان کا عزم کرتے ہیں۔‘’ہمیں پوری لگن کے ساتھ اس امر کو یقینی بنانا چاہیے کہ ہر بچے کو ویکسین کی متعدد خوراکیں ملیں اور وہ پولیو سے محفوظ رہے، فرنٹ لائن ورکرز کی لگن، حکومتی عزم اور پارٹنرز کے تعاون سے پاکستان نے پولیو کے خلاف اہم پیش رفت کی ہے۔‘ وزیراعظم نے کہا کہ ’انسداد پولیو کے لیے صوبائی، گلگت بلتستان اور کشمیر کی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششیں لائقِ تحسین ہیں۔‘اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوبی خیبر پختونخوا کے علاقوں میں پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ضلعے میں درپیش مسائل کی نسبت سے مخصوص انسداد پولیو مہم تشکیل دی جا رہی ہے۔’پاکستان میں انسداد پولیو مہم نہ صرف بچوں میں پولیو کیسز بلکہ اس کی ماحولیاتی موجودگی کو ختم کرنے میں بھی کوشاں ہیں۔‘پولیو اوور سائٹ بورڈ کے ارکان ریجنل ڈائریکٹر عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر حنان بلخی، یونیسیف کے ریجنل ڈائریکٹر سنجے وجے سکیرا، کے ایس ریلیف سعودی عرب کے ڈاکٹر زیاد میمیش، روٹری انٹرنیشنل کے مائیک میکگورن اور ٹرسٹی روٹری کے عزیز میمن بھی اجلاس میں موجود تھے۔اجلاس میں وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرت، انسداد پولیو پر وزیراعظم کی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، کشمیر کے چیف سیکریٹریز، چیف کمشنر اسلام آباد، انسداد پولیو کے نیشنل کوآرڈینیٹر اور دیگر اعلٰی سرکاری افسران نے شرکت کی۔