’مسافروں نے وصیتیں لکھ ڈالیں‘، جب جاپان ایئرلاننز کا طیارہ 36 ہزار فٹ کی بلندی سے گرنے لگا

اردو نیوز  |  Jul 02, 2025

جاپان ایئر لائنز کی پرواز میں اپنی نوعیت کا ایک خوفناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ پیپلز ڈاٹ کام کے مطابق جاپان ایئرلائن کی ایک پرواز میں اچانک آکسیجن ماسک کھل گئے اور معمول کی پرواز کے دوران طیارہ تقریباً 26 ہزار فٹ نیچے آ گیا۔

طیارے میں سوار مسافروں کے مطابق انہیں محسوس ہوا کہ جیسے طیارہ کریش ہونے والا ہے اور یہ ان کی زندگی کے آخری لمحات ہیں۔

یہ صورتحال 30 جون کو اس وقت پیدا ہوئی جب جاپان ایئرلائن اور فضائی سفر کی کمپنی کوڈشیئر  کے درمیان معاہدے کے تحت چلنے والی پرواز جے ایل 8696 نے چین کے شہر شنگھائی سے جاپان کے شہر ٹوکیو کے لیے اڑان بھری۔

خبر رساں اداروں کے مطابق طیارے میں اُس وقت عملے سمیت 191 افراد موجود تھے اور طیارہ شام چھ بج کر 53 منٹ پر کسی تکنیکی خرابی کا شکار ہوا۔

اس وقت طیارہ تقریباً 36 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا اور اچانک صرف 10 ہزار 500 فٹ تک کی بلندی تک پہنچ گیا۔ رپورٹ کے مطابق طیارہ صرف 10 منٹ کے قلیل وقت میں 16 ہزار فٹ تک گر گیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹ پریس کے مطابق فضائی دباؤ میں اچانک کمی کی وجہ سے آکسیجن ماسک کھل گئے جس کی وجہ سے مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

ایک مسافر نے بتایا کہ ’میں نے ایک دھماکے جیسی آواز سنی اور اس کے چند لمحوں بعد آکسیجن ماسک گر گئے، فضائی میزبان چیختے ہوئے کہہ رہی تھیں کہ فوراً ماسک پہن لو، طیارے میں خرابی آ گئی ہے۔‘

ایک اور مسافر نے بتایا کہ ’میں سو رہا تھا کہ اچانک تمام ماسک نیچے گر گئے۔‘ ایک تیسرے مسافر نے کہا کہ ’میں آنکھوں میں آنسوں لیے وصیت لکھ رہا تھا اور بینک کارڈ کے پن کوڈ تک درج کر رہا تھا۔‘

#BREAKING : Japan Airlines flight drops 26,000 ft mid-air, makes emergency landing.

A Tokyo-bound Japan Airlines flight JL8696 made an emergency landing at Kansai Airport after dropping nearly 26,000 feet mid-air.

The Boeing 737, operated by Spring Airlines Japan, was en route… pic.twitter.com/k7t8Asn12L

— upuknews (@upuknews1) July 2, 2025

یہ مناظر ویڈیوز کی صورت میں بھی سامنے آئے ہیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسافر گھبراہٹ کے عالم میں ماسک تھامے بیٹھے ہیں اور فضائی میزبان حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے اعلانات کر رہی ہیں۔

جاپان کی وزارتِ ٹرانسپورٹ اور سیاحت کے مطابق ’طیارے کے نظام میں غیر معمولی صورتحال کا سگنل ملا جس کے بعد پائلٹ نے ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے طیارے کو جاپان کے شہر اوساکا کے کانسائی ہوائی اڈے کی جانب موڑ دیا۔‘

طیارے نے شام آٹھ بج کر 50 منٹ پر بحفاظت لینڈ کیا اور کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ایئر لائن کی جانب سے طیارے میں سفر کرنے والے مسافروں کو  15 ہزار ین (تقریباً 93 امریکی ڈالر) اور ایک رات کے قیام کی سہولت فراہم کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس خطرناک صورتحال کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More