"ہاں، شیفالی نے وٹامن سی کی ڈرپ لی تھی۔ یہ کوئی غیرمعمولی بات نہیں، آج کل تو سب ہی لیتے ہیں۔ کچھ گولی سے، کچھ آئی وی کے ذریعے۔ کووڈ کے بعد تو یہ بہت عام ہو گیا ہے۔ لیکن مجھے نہیں معلوم کہ اُس نے یہ ڈرپ اپنی موت سے چند گھنٹے پہلے لی یا پہلے سے… پولیس نے اُس شخص کو بھی بلایا تھا جس نے ڈرپ دی تھی تاکہ پتہ چل سکے شیفالی نے کیا لیا تھا۔"
یہ الفاظ ہیں اداکارہ پوجا کے، جو اپنی قریبی دوست شیفالی جریوالا کے اچانک انتقال کے بعد ایک انٹرویو میں ان کی آخری رات کی تفصیلات بتا رہی تھیں۔
معروف بھارتی ماڈل اور اداکارہ شیفالی جریوالا کی اچانک موت نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ ساتھی فنکاروں کے لیے بھی کسی صدمے سے کم نہیں۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی ممکنہ وجہ بلڈ پریشر میں شدید کمی اور اس کے بعد آنے والا دل کا دورہ بتائی گئی ہے، تاہم اس رات کے واقعات ایک گہری کہانی سنا رہے ہیں۔
اداکارہ پوجا کے مطابق، شیفالی بالکل معمول کے مطابق رات کے کھانے کے بعد اپنے شوہر پراگ تیاگی سے کہتی ہیں: "کتے کو واک پر لے جائیں"۔ پراگ جب نیچے گئے تو اچانک گھریلو ملازمہ کی کال آئی کہ "میڈم کی طبیعت بہت خراب ہو گئی ہے"۔
پراگ فوراً واپس فلیٹ پر پہنچے تو منظر دل دہلا دینے والا تھا۔ شیفالی بے ہوش تھیں، آنکھیں بند تھیں، جسم بے حرکت۔ صرف نبض چل رہی تھی۔ پراگ فوری طور پر انہیں اسپتال لے کر روانہ ہوئے، مگر افسوس کہ وہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھیں۔
اس واقعے کے بعد چہ مگوئیاں شروع ہوئیں کہ کہیں موت کی وجہ اینٹی ایجنگ یا وٹامن ڈرپ تو نہیں؟ پوجا نے اس بارے میں واضح کیا کہ "شیفالی نے وٹامن سی کی آئی وی ڈرپ لی تھی، جیسا کہ آج کل بہت سے لوگ لیتے ہیں۔" تاہم اس کا ٹائم فریم ابھی تک واضح نہیں، اور پولیس اس معاملے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے۔
پولیس نے ڈرپ دینے والے فرد کو بھی طلب کر کے معلوم کرنے کی کوشش کی کہ شیفالی کو کیا دوا دی گئی تھی اور کس وقت دی گئی۔ اسی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ شیفالی نے اسی دن آئی وی ڈرپ لگوائی تھی۔
شیفالی جریوالا کے انتقال کی خبر نے سوشل میڈیا پر غم کی لہر دوڑا دی۔ 'کانٹا لگا' سے شہرت پانے والی یہ فنکارہ صرف 42 برس کی عمر میں زندگی سے رخصت ہو گئیں۔ ان کی آخری رسومات 28 جون کو ممبئی کے اوشیوارہ شمشان گھاٹ میں ادا کی گئیں، جہاں ان کے اہلِ خانہ، قریبی دوست اور انڈسٹری کے افراد موجود تھے۔