ایس آئی یو پولیس نے ملیر قائد آباد میں کارروائی کرتے ہوئے انڈین ایجنسی "را " کے 4 ایجنٹوں کو گرفتار کر کے 4 دستی بم، پستول اور گاڑی برآمد کرلی۔
ایس آئی یو ایس ایس پی شعیب میمن نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایس آئی یو پولیس نے خفیہ اطلاع پر ملیر قائد آباد میں کارروائی کرکے ملک دشمن ایجنسی "را" سے تعلق رکھنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کی شناخت محمد خان بریو، جمین ملاح، اختر تھہیم اور غلام قادر عرف آکاش کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق ملزمان ڈسٹرکٹ سجاول جاتی کے رہائشی اور مچھیرے ہیں جو حساس مقامات اور اہم تنصیبات کی تصاویر بنانے کے ساتھ ویڈیوز جیوٹیکنگ کرکے بھارتی ایجنسی "را" کو فراہم کررہے تھے۔
پولیس کا کہناہے کہ محمد خان بھریو نے 2009 سے لوکیشن فراہم کرنا شروع کیں اور صرف تصاویر بھیجتا تھا جبکہ وہ اب تک 20 مرتبہ انڈیا جا چکا ہے اور دیگر ملزمان 6 مرتبہ بھارت یاترا کرچکے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ ملزمان سجاول میں نیوی اور آرمی کی تنصیبات کی معلومات دیتے تھے، ملزمان سے آرمی کا ٹریننگ مینوئل بھی حاصل کیا گیا ہے۔
انڈیا میں ملزمان بی ایس ایف کے کرنل رنجیت سے رابطے میں تھے ، ملزمان کو ایک دورے سے لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ روپے، انڈین سگریٹ، اور شراب ملتی تھی، گرفتار ملزمان سے حاصل ڈیٹا کو فارنزک کے لیے بھیج دیا گیا ہے جبکہ دوران تفتیش مزید انکشافات متوقع ہیں۔