پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں علاقائی اور عالمی سلامتی و استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر گفتگو ہوئی ہے۔جمعے کو اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ’گرمجوشی سے خوشگوار گفتگو کے دوران وزیراعظم نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کی جرات مندانہ قیادت کی تعریف کی اور سیکریٹری روبیو کی فعال سفارت کاری کو سراہا جنہوں نے پاکستان اور انڈیا کو جنگ بندی تک پہنچنے اور دو جوہری ہتھیاروں سے لیس ریاستوں کے درمیان ایک بڑی تباہی کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔‘وزیراعظم نے کہا کہ ’صدر ٹرمپ کے پاکستان کے بارے میں مثبت بیانات جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے سب سے زیادہ حوصلہ افزا ہیں جو پاکستان اور انڈیا کے درمیان بامعنی مذاکرات کے آغاز سے ہی ممکن ہو سکتا ہے۔‘بیان کے مطابق اس تناظر میں وزیراعظم نے جموں و کشمیر، سندھ طاس معاہدہ، تجارت اور انسداد دہشت گردی سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر انڈیا کے ساتھ بات چیت کے لیے پاکستان کی آمادگی کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال بالخصوص ایران اسرائیل بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا۔پاکستان کے وزیراعظم نے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے اس سنگین بحران کا پرامن حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موجودہ صورتحال میں امن کے لیے کسی بھی کوشش میں تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔تجارت پر صدر ٹرمپ کی توجہ کا ذکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کو تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، کان کنی، نایاب دھاتوں اور آئی ٹی سمیت وسیع شعبوں میں باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے جو دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ہے۔دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال بالخصوص ایران اسرائیل بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)بیان کے مطابق ’سلامتی اور انسداد دہشت گردی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے پورے ملک سے دہشت گردی کی لعنت بالخصوص بی ایل اے، ٹی ٹی پی اور دیگر عسکریت پسند گروپوں کے خطرے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔‘بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کو ایسے تمام خطرات سے نمٹنے کے لیے اپنے ملک کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی وزیر خارجہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وزیراعظم نے رواں ہفتے واشنگٹن میں صدر ٹرمپ اور پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف، فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان انتہائی خوشگوار اور نتیجہ خیز گفتگو کا بھی ذکر کیا۔ وزیراعظم اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اب تمام شعبوں میں پیش رفت کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔‘