مکہ میں قائم فیسلیٹیشن سینٹر نے پاکستانی حجاج کی 30 ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ کیا

اردو نیوز  |  Jun 18, 2025

پاکستانی حجاج کو رواں برس سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومتِ پاکستان کی جانب سے مکہ میں قائم کردہ فیسلیٹیشن سینٹر نے 30 ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ کیا ہے۔ہزاروں عازمین کو سفری مسائل، گمشدہ ٹکٹس، رہائش، کھانے اور دیگر اہم معاملات میں فوری مدد فراہم کی گئی، جسے حکام نے ایک ’گیم چینجر‘ قرار دیا ہے۔

فیسلیٹیشن سینٹر مکہ کی انچارج عائشہ اعجاز نے بتایا کہ ’یہ مرکز پاکستانی حجاج کی مدد کے لیے خصوصی طور پر ترتیب دیا گیا جو 24 گھنٹے کام کرتا ہے۔‘’اس میں مختلف خصوصی شعبہ جات قائم کیے گئے ہیں جن میں ڈیپارچر سیل، زونگ ڈیسک، مکتب ڈیسک، مدینہ ڈیپارچر سیل، کمپلینٹس سیل اور  24 گھنٹے کال سینٹر کی سہولت شامل ہے۔‘ارلی ڈیپارچر سیل کے انچارج عبداسمیع لاکهو نے بتایا کہ اب تک 1500 سے زائد کیسز حل کیے جا چکے ہیں، ان میں پرواز کی تبدیلی، ٹکٹ گمشدگی اور سیٹ کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ’حجاج کی سہولت کے لیے ایئرلائنز کے خصوصی ڈیسک ان کی رہائش گاہوں کے قریب قائم کیے گئے۔‘کمپلینٹ سیل کے انچارج حافظ عبید اللہ زکریا نے بتایا کہ ’حج 2025 میں اب تک 30 ہزار 147 شکایات درج کی جا چکی ہیں۔‘’ان میں سے 2446 شکایات کو 24 گھنٹوں کے اندر حل کر لیا گیا، 113 پر کارروائی جاری ہے، جبکہ 580 شکایات کو غیر مستند قرار دیا گیا۔‘رواں سال شکایات کے اندراج کے لیے متعدد ذرائع فراہم کیے گئے، جن میں 24 گھنٹے کام کرنے والا کال سینٹر، واٹس ایپ، ٹول فری نمبرز اور دیگر پلیٹ فارمز شامل تھے۔ حکام کے مطابق حج 2024 کی نسبت رواں برس شکایات کی تعداد میں واضح کمی دیکھنے میں آئی جس کی وجہ انتظامات کا غیر معمولی طور پر منظم ہونا بتایا گیا۔وزارت مذہبی امور کے مطابق ’فیسلیٹیشن سینٹر سے بیشتر مسائل فوری طور پر حل ہونے کی وجہ سے پاکستانی حجاج پُرسکون انداز میں وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More