پاکستان میں شدید ہیٹ ویو، گاڑی میں سفر کرتے ہوئے کن باتوں کا خیال رکھیں؟

اردو نیوز  |  Jun 13, 2025

پاکستان بھر میں شدید ہیٹ ویو کے پیش نظر موٹروے پولیس نے ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں شہریوں کو سفر سے پہلے چند احتیاطی تدابیر اپنانے کا کہا ہے۔

موٹر وے پولیس سنٹرل ریجن  نے ٹریول ایڈوائزری میں کہا ہے کہ سفر کے آغاز سے پہلے گاڑی میں پانی اور کولنٹ کی مقدار کو لازمی چیک کریں جبکہ انجن کا درجہ حرارت اور ٹائر پریشر پر بھی نظر رکھیں۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ شدید گرمی کی صورت میں گاڑی میں لائٹر، موبائل فون، پرفیوم یا کاربونینٹڈ مشروبات نہ رکھیں جو کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔

موٹر وے پولیس نے دوپہر 11 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری سفر سے پرہیز کرنے کا کہا ہے۔

سفر کے دوران کوشش کریں کہ بچوں یا بزرگوں کو گاڑی میں تنہا نہ چھوڑیں۔

گاڑی میں اضافی پانی اور فرسٹ ایڈ باکس رکھنے اور گاڑی کو ہمیشہ سایہ دار جگہ پر پارک کرنے کی بھی تلقین کی گئی ہے۔ اسی طرح گاڑی پارک کرتے ہوئے کھڑکیاں تھوڑی سی کھلی رکھیں تاکہ ہوا کا گزر رہے۔

دوسری طرف محکمہ موسمیات نے اگلے تین روز کے دوران آندھی جبکہ کئی شہروں میں بارش کی پیش گوئی بھی کی ہے۔ اس حوالے سے پنجاب ڈیسزاٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بھی الرٹ جاری کیا ہے۔

الرٹ کے مطابق 13 جون سے 16 جون کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز آندھی،  گرد آلود ہوائیں اور بارش کی پیشگوئی ہے، لہٰذا کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے متحرک رہیں۔

ان دنوں میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤ الدین،حافظ آباد، گجرات، جہلم، گجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

شدید گرمی میں سفر کے لیے موٹر وے پولیس نے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

اسی طرح سے لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بارشوں کی پیش گوئی ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے علاقوں ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے سے گرمی اور ہیٹ ویو کی شدت میں کمی واقع ہو گی۔  

پنجاب ڈیسزاٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری الرٹ کے بعد وزیر اعلٰی پنجاب کے آفس نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو بھی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

شدید ہیٹ ویو کے باعث مختلف محکموں جیسے محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک نے بھی  الرٹ جاری کیے ہیں جن میں شہریوں سے  احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا ہے۔

ڈجی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’آندھی و طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ آسمانی بجلی سے تحفظ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں۔‘

ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے کا کہا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More