حجاج کی واپسی کا سلسلہ شروع، پہلی پرواز جدہ سے اسلام آباد پہنچ گئی

اردو نیوز  |  Jun 11, 2025

سعودی عرب سے پاکستانی حجاج کی واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، پہلی پرواز پی کے 732 بدھ کی صبح جدہ سے اسلام آباد پہنچی ہے۔

اس موقع  پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایئرپورٹ پر حاجیوں کا استقبال کیا۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ حج کے دوران حکومت پاکستان نے عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر حجاج کو قابل تعریف سہولیات مہیا کیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت آئندہ سال اس سے بھی بہتر انتظامات کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس مذہبی فریضے کی ادائیگی کے لیے عازمین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

پاکستان سے 29 اپریل کو حج 2025 کے آپریشن کا آغاز ہوا تھا جب  پی آئی اے کی پہلی پرواز 393 عازمین کو لے کر اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے مدینہ منورہ پہنچی تھی۔

آئندہ دنوں میں اسلام آباد کے بعد لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی حجاج کی واپسی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More