اداکارہ حنا خان 13 سالہ پرانے دوست راکی جیسوال سے شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

اردو نیوز  |  Jun 06, 2025

انڈیا کے زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والی معروف ادکارہ حنا خان اپنے پرانے دوست راکی جیسوال سے ایک نجی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر جوڑے نے ایک مشترکہ پوسٹ میں اپنی شادی کا اعلان کیا ہے۔

جوڑے کی جانب سے شادی کی تقریب کی تصاویر بھی شیئر کی گئی ہیں تاہم ہندوستان ٹائمز کے مطابق شادی کی یہ تقریب سادہ نوعیت کی تھی جس میں حنا خان اور راکی جیسوال کے قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد نے شرکت کی۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئیں پوسٹ پر اداکارہ نے لکھا ’دو مختلف دنیاؤں سے ہم نے محبت کا ایک جہان بسایا، ہمارے اختلافات مٹ گئے، دل ایک ہوئے، ایک ایسا رشتہ بنا جو صدیوں تک قائم رہے گا۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہم ایک دوسرے کا مسکن، نور اور امید ہیں، آج ہمارا بندھن محبت اور قانون دونوں میں قائم ہو گیا ہے، بطور بیوی اور شوہر آپ سب کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کے طلبگار ہیں۔‘

اگر آپ حنا خان کے دلہن والے روپ کے بارے میں سوچ رہے ہیں تو جان لیجیے کہ انہوں نے مکمل طور پر منیش ملہوترا کا ڈیزان کیا ہوا لباس زیب تن کر رکھا تھا۔

    View this post on Instagram           A post shared by (@realhinakhan)

یاد رہے کہ حنا خان اور راکی جیسوال کا رشتہ 13 برس پر محیط ہے۔ ان کی پہلی ملاقات مشہور ٹی وی ڈرامہ ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی، جہاں حنا نے ’اکشرا‘ کا کردار نبھایا تھا اور راکی جیسوال اس ٹی وی سیریل کے پروڈیوسر تھے۔

سنہ 2017 میں انہوں نے اپنے رشتے کا باضابطہ طور پر اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب گزشتہ ایک سال کے دوران حنا خان چھاتی کے کینسر کے خلاف اپنی جدوجہد کے باعث خبروں میں رہی ہیں۔

جون 2024 میں انہوں نے سٹیج تھری بریسٹ کینسر میں مبتلا ہونے کا اعلان کیا تھا اور تب سے وہ اپنی صحت کی صورتحال پر کھل کر بات کرتی رہی ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More