ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو قتل کرنے کے بعد ملزم فیصل آباد کیسے پہنچا؟

اردو نیوز  |  Jun 04, 2025

دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی 13 میں گولی کا نشانہ بننے والی 17 سالہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کے ملزم سے تفتیش جاری ہے۔

اسلام آباد پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ ملزم عمرحیات نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ ’ گولی مارنے کے بعد وہ ثنا یوسف کے گھر سے فرار ہو گیا، بائیک رائیڈر کو بک کیا اور لاری اڈا پہنچ گیا۔ جہاں سے وہ فیصل آباد جانے والی بس میں سوار ہو کر اپنے گھر پہنچ گیا۔‘

پولیس تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مرکزی ملزم عمر حیات فارچونر گاڑی پر فیصل آباد سے اسلام آباد پہنچا تھا۔ وہ پہلے 29 مئی اور پھر 2 جون کو کرائے پر لی گئی فارچونر گاڑی میں آیا تھا۔

ملزم نے یہ انکشاف کیا ہے کہ اس نے تاحال فارچونر گاڑی کا کرایہ بھی ادا نہیں کیا، جبکہ رینٹ اے کار کا مالک بھی گرفتاری کے بعد اس سے رقم لینے کے لیے سامنے آ گیا ہے۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ’ملزم کی جیب سے صرف چند سو روپے برآمد ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ملزم کے پاس کوئی بڑی رقم موجود نہیں ہے، تاہم وہ خود کو ایک لینڈ لارڈ کا بیٹا ظاہر کرتا تھا اور اسی بنیاد پر اس نے فارچونر گاڑی کرائے پر لی۔‘

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آ چکی ہے کہ ملزم کا والد ایک سرکاری ملازم تھا جو گریڈ 16 میں ریٹائر ہوا۔

اس کے علاوہ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مقتولہ لڑکی کی سالگرہ کے موقع پر بھی ملزم کیک اور تحائف لے کر اس کی رہائش گاہ پر پہنچا تھا، لیکن ثنا یوسف نے اس سے ملنے سے انکار کر دیا تھا۔

جبکہ 2 جون کو بھی ملزم ایک مرتبہ پھر ثنا یوسف سے ملنے صبح پانچ بجے ان کے گھر پہنچا۔ ملزم نے کئی گھنٹے گھر کے باہر انتظار کیا، لیکن ثنا یوسف نے ایک مرتبہ پھر ملنے سے انکار کر دیا۔

ملزم نے بتایا کہ نظر انداز ہونے پر اس نے ثنا یوسف کو قتل کیا۔ فوٹو: ثنا یوسف انسٹاملزم عمرحیات نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ ’مجھے اس بات کا رنج تھا کہ ثنا یوسف نے ملنے سے انکار کیا اور مجھے مسلسل نظرانداز کیا، جس کی وجہ سے میری تذلیل ہوئی اور میں نے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔‘

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے سیکٹر جی 13 ون میں قتل ہونے والی 17 سالہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے ملزم کو پولیس نے فیصل آباد سے گرفتار کیا  تھا۔

آئی جی اسلام آباد نے منگل کی سہ پہر پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ملزم کا نام عمر حیات عرف کاکا ہے جو خود بھی ایک ٹک ٹاکر ہے۔

اُنہوں نے کہا تھا کہ مقتولہ کا فون بھی ملزم کے قبضے سے برآمد کر لیا ہے۔

آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا ’ملزم نے قتل سے قبل ثنا یوسف سے بار بار رابطہ کیا تھا۔ اور وہ اس سے رابطے میں نہیں آ رہی تھی۔ ملزم پہلے بھی سات سے آٹھ گھنٹے تک ملاقات کی کوشش کرتا رہا۔‘

ملزم نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کہ نوجوان ٹک ٹاکر کو قتل کیا تھا۔

ملزم کی تلاش کے لیے آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایات پر خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جبکہ اسلام آباد پولیس کی سی آئی اے ٹیم نے فیصل آباد جا کر ملزم کو گرفتار کیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کے پاس موجود موبائل فون کی لوکیشن سے اسے ٹریس کیا، معلوم ہوا کہ وہ فیصل آباد میں ہے  جس کے بعد پولیس ٹیم ملزم کی گرفتاری کے لیے فیصل آباد روانہ ہوئی۔

اس سے قبل مقتولہ کے گھر کے باہر کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آئی تھی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیاہ شرٹ اور ماسک پہنے ہوئے ایک شخص قتل کے واقعے کے بعد فرار ہو رہا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More