کوئٹہ میں بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔پولیس کے مطابق اتوار کی رات کو کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس بروری چوک پر ہونے والے دھماکے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔بم ڈسپوزل سکواڈ کی رپورٹ کے مطابق دھماکا مقناطیسی ٹائم ڈیوائس بم کے ذریعے کیا گیا جو گاڑی کے ساتھ چپکایا گیا تھا۔
ایس ایچ او بروری پولیس تھانہ محمود خروٹی نے دھماکے میں ایک شخص کے ہلاک اور 4 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ زخمیوں کو بولان میڈیکل ہسپتال لے جایا گیا جن میں ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت قلات کے رہائشی حسین علی محمد حسنی کے نام سے ہوئی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں حسین علی کا ساتھی نبیل بھی زخمی ہوا ہے۔دونوں حکومتی حامی سمجھے جاتے ہیں- دھماکے کا ہدف یہی دو افراد تھے- باقی تین زخمی راہ گیر بتائے جاتے ہیں۔مقتول حسین علی عرف بابل کے والد ملک زبر خان محمد حسنی بھی گزشتہ سال اگست میں قلات میں کالعدم تنظیم کے حملے میں مارے گئے تھے۔پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں-