’غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز‘، پاکستان کا نریندر مودی کے بیان پر اظہار تشویش

اردو نیوز  |  May 27, 2025

پاکستان نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ’اشتعال انگیزی‘ قرار دیا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈین وزیراعظم نے ’غیر ذمہ دارانہ‘ انداز اختیار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے منشور کی ’صریح خلاف ورزی‘ کی ہے۔

نریندر مودی نے پیر کو گجرات میں ایک ریلی کے دوران تقریر کرتے ہوئے پاکستان پر ’دہشت گردی‘ کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ’اس بیماری سے نجات دلانے کے لیے پاکستان کے عوام اور نوجوانوں کو آگے آنا ہو گا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سکھ چین کی زندگی جیو، روٹی کھاؤ ورنہ میری گولی تو ہے ہی۔‘

اس کے ردعمل میں پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’پاکستان نے انڈین وزیراعظم کی جانب سے گجرات میں دیے گئے ریمارکس کا نوٹس لیا ہے، جن کی توقع کسی جوہری طاقت کے حامل ملک کے رہنما سے نہیں کی جا سکتی۔‘

وزارت خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ ایسے بیانات اقوام متحدہ کے چارٹر کے بینادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

بیان کے مطابق پاکستان اس بیان کو ایک لاپرواہی اور اشتعال انگیزی کے طور پر دیکھتا ہے، جس کا مقصد جموں اور کشمیر میں انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ ’وہ انڈیا کی بڑھتی ہوئی بیان بازی کا نوٹس لے، جو خطے کے استحکام اور دیرپا امن کے لیے نقصان دہ ہے۔‘

بیان کے مطابق ’پاکستان قیام امن کے حوالے سے اقوام متحدہ کی اہم شراکت داری کا ریکارڈ رکھتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر اس کی آواز توانا رہی ہے۔‘

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’اگر انتہا پسندی واقعی انڈین حکومت کے لیے تشویش کا باعث ہے تو اس کو خود پر ہی نظر ڈالنا ہو گی اور بڑھتی مذہبی عدم برداشت اور سفاکانہ ہندوتوا نظریات کے تحت اقلیتوں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کے واقعات پر توجہ دنیا ہو گی۔‘

بیان میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا ہے کہ پاکستان باہمی احترام اور خود مختار مساوات پر مبنی امن کے لیے پرعزم ہے تاہم اپنی سلامتی یا علاقائی سالمیت کو درپیش کسی بھی خطرے کی صورت میں اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت مضبوط اور مناسب قدم اٹھائے جائیں گے۔

’پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر ڈرنے والا نہیں‘

سابق وزیر خارجہ و خارجہ سیکریٹری جلیل عباس جیلانی نے بھی ایکس پر پوسٹ میں نریندر مودی کی تقریر کا وہی ٹکڑا شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’انڈین وزیراعظم کی تقریر انتہائی غیرذمہ دارانہ اور خطرناک حد تک اشتعال انگیز ہے۔ اس قسم کا جارحانہ طرزعمل نہ صرف علاقائی امن کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ اس طرز فکر کو بھی عیاں کرتا ہے جس کی جڑیں نفرت میں پیوست ناکہ سیاست میں، پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر ڈرنے والا نہیں۔‘

سینیئر صحافی حامد میر نے بھی انڈین وزیراعظم کی تقریر کا کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’اس میں کوئی شک نہیں کہ نریندر مودی میں سیاست دانوں والی خوبیوں کی کمی ہے وہ متکبر اور غیرمہذب ہیں اور پاکستان کے عوام کو براہ راست دھمکیاں دے رہے ہیں اور اب انہیں احساس ہو گیا ہے کہ پاکستانیوں کا اتحاد عوام اور خاص طور پر نوجوان پاکستان ان کی راہ کی سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More