شہباز شریف کی ایرانی صدر سے ملاقات، خطے میں امن کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق

اردو نیوز  |  May 26, 2025

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے لیے انڈیا کے ساتھ تمام امور پر بات چیت کرنے کو تیار ہیں لیکن اگر دوبارہ جارحیت کی تو بھرپور جواب دیں گے۔

پیر کو تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ پریس کانفرنس میں شہباز شریف نے کہا کہ ’ایرانی صدر کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات ہوئی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ایران پاکستانیوں کے لیے دوسرا گھر ہے۔ ‘

’ایران سے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور دونوں اطراف مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔‘

وزیراعظم نے اس موقعے پر انڈیا کے ساتھ کشیدگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا ’اُس وقت صدر مسعود پزشکیان نے ٹیلی فون کر کے گہری تشویش کا اظہار کیا تھا۔‘

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے قریبی تعلقات ہیں اور وہ اسلامی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

’ہماری ملاقات میں بین الاقوامی امور پر مشاورت اور تجارت کے شعبے میں تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے۔‘

انہوں نے دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے سرحدی علاقوں میں سکیورٹی تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی۔ ’خطے میں امن اور استحکام ایران اور پاکستان کا مشترکہ عزم ہے۔‘

قبل ازیں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر ایران پہنچے تو مہرآباد ایئرپورٹ پر ایرانی وزیرداخلہ سکندر مومنی، ایران کے پاکستان میں سفیر رضا امیری مقدم، پاکستان کے ایران میں سفیر مدثر ٹیپو اور اعلیٰ سفارتی اہلکاروں نے ان کا استقبال کیا۔

ایئرپورٹ پر وزیراعظم کو ایرانی فوج کے دستے نے سلامی بھی پیش کی۔

وزیراعظم کا یہ دورہ ان کے چار ملکی سفارتی دورے کا حصہ ہے جس کے تحت انہوں نے ترکیہ، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان جانا تھا۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اتوار کو ترکیہ کے دارالحکومت استبول پہنچنے تھے جہاں انہوں نے ترک صدر طیب اردوغان سے ملاقات کی تھی۔

دورۂ ایران میں وزیراعظم کے وفد میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی, وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ اور معاون خصوصی وزیراعظم سید طارق فاطمی شامل ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف پیر کی شام ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے لیے سعدآباد پیلس تہران پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔‘

وزیراعظم ہاؤس کے بیان کے مطابق ’وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے ساتھ ملاقات کریں گے جہاں دوطرفہ امور کے ساتھ ساتھ اہم علاقائی امور پر گفتگو ہو گی۔‘

وزیرِ اعظم و پاکستانی وفد ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More