وزیراعظم شہباز شریف سفارتی دورے پر ترکیہ کے بعد ایران پہنچ گئے

اردو نیوز  |  May 26, 2025

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے ہیں۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے پیر کو جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے مہرآباد ایئرپورٹ تہران پہنچنے پر ایرانی وزیرداخلہ اسکندر مومنی، ایران کے پاکستان میں سفیر رضا امیری مقدم، پاکستان کے ایران میں سفیر مدثر ٹیپو اور اعلیٰ سفارتی اہلکاروں نے ان کا استقبال کیا۔

بیان کے مطابق ائیرپورٹ پر وزیراعظم کو ایرانی فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔‘

وزیراعظم کا یہ دورہ ان کے چار ملکی سفارتی دورے کا حصہ جس کے تحت انہوں نے ترکیہ، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان جانا تھا۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اتوار کو ترکیہ کے دارالحکومت استبول پہنچنے تھے جہاں انہوں نے ترک صدر طیب اردوغان سے ملاقات کی تھی۔

دورۂ ایران میں وزیراعظم کے وفد میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی, وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ اور معاون خصوصی وزیراعظم سید طارق فاطمی شامل ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف پیر کی شام ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے لیے سعدآباد پیلس تہران پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔‘

اس کے بعد اب وزیراعظم اور پاکستانی وفد کی ایرانی صدر اور ان کے وفد کے ساتھ ملاقات ہو گی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون کے فروغ اور پاکستان پر انڈیا کی جانب سے مسلط کردہ حالیہ جنگ میں پاکستان کی حمایت و جنوبی ایشیا میں امن کی کوششوں کے لیے  وزیراعظم ایرانی صدر و عوام کا شکریہ ادا کریں گے۔

بیان کے مطابق ’وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے ساتھ ملاقات کریں گے جہاں دوطرفہ امور کے ساتھ ساتھ اہم علاقائی امور پر گفتگو ہو گی۔‘

وزیرِ اعظم و پاکستانی وفد ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More