پی آئی اے کی لاہور سے پیرس کے لیے پہلی پرواز 18 جون کو روانہ ہو گی

اردو نیوز  |  May 23, 2025

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے لاہور سے پیرس کے لیے براہ راست پروازوں کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

پی آئی اے نے جمعرات کو اپنے بیان میں بتایا کہ لاہور سے پیرس کے لیے پہلی پرواز 18 جون کو روانہ ہو گی۔

پاکستانی کی قومی ائیرلائن نے ساڑھے چار برس سے عائد پابندیوں کے ختم ہونے کے بعد رواں برس جنوری میں یورپ کے لیے پروازیں بحال کی تھیں۔

اس کے بعد 10 جنوری کو پی آئی اے کی اسلام آباد سے پیرس کے لیے پہلی پرواز نے اڑان بھری تھی۔

پی آئی اے نے اپنے بیان میں کہا کہ ’لاہور سے پیرس کے لیے ہفتہ وار فلائٹ ہر بدھ کو روانہ ہو گی۔‘

اس سے قبل پی آئی اے اسلام آباد سے پیریس کے لیے دو ہفتہ وار فلائٹس چلا رہی ہے جبکہ یورپ کے دیگر شہروں کے لیے بھی پروازیں شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

پانچ برس قبل جون 2020 میں یورپی یونین اور امریکہ نے پی آئی اے کی پروازوں پر اس وقت پابندی عائد کر دی تھی جب کراچی میں اس ایئرلائن کا مسافر طیارہ گرنے سے 100 کے قریب افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس کے بعد گزشتہ برس 29 نومبر کو یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کی پروازوں سے پابندی اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم پاکستان کی قومی ایئرلائن کو ابھی تک امریکہ اور برطانیہ کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت نہیں مل سکی ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More