کردستان تحریک کی طرح بلوچ مسلح تحریک کو ختم ہوتا دیکھ رہا ہوں: سرفراز بگٹی

اردو نیوز  |  May 15, 2025

وزیراعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ مودی سرکار یہ گمان کیے بیٹھی تھی کہ پاکستان کمزور ہے، لیکن افواجِ پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ دشمن کے تکبر کو پاؤں تلے روند سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ’جشنِ فتح‘ کے عنوان سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا ہراول دستہ ہے، جہاں سے ہمیشہ پاکستان کی آواز بلند ہوتی رہی ہے اور آئندہ بھی ہوتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ’انڈیا نے جب بھی جارحیت کی کوشش کی اسے منہ توڑ جواب دیا گیا، ہماری افواج نے قربانیاں دے کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔وزیراعلٰی سرفراز بگٹی نے کہا کہ کچھ عناصر بلوچ قوم کو ایک لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔’جیسے کُردستان کی علیحدگی کی تحریک ختم ہوئی میں بلوچستان میں بھی ایسی نام نہاد تحریک کو ختم ہوتا دیکھ رہا ہوں، بلوچستان کے لوگوں نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ بندوق کے زور پر کسی نظریے کو مسلط ہونے نہیں ہونے دیں گے۔‘  سرفراز بگٹی نے کہا کہ ’میں ایک بار پھر ان لوگوں کو دعوت دیتا ہوں جو انڈیا کی ایما پر بلوچستان میں جنگ مسلط کرنا چاہتے ہیں، وہ انڈیا کا حشر دیکھ لیں وہ آئیں اور آئین پاکستان کے مطابق قومی دھارے میں شامل ہوں۔‘’چُھپ کر نام نہاد قومی جنگ کی باتیں کی جاتی ہیں، سوال یہ ہے کہ کیسی قومی جنگ ہے جس میں معصوم شہری، مزدور، مسافر اور بے گناہ بلوچوں کو قتل کیا جا رہا ہے؟ یہ نہ بلوچ روایت ہے، نہ پشتون اقدار، اور نہ ہی بلوچستان کی سرزمین کا شیوہ ہے۔‘وزیراعلٰی نے کہا کہ یہ جنگ کسی حق و انصاف کی نہیں بلکہ ذاتی مفاد اور دشمن قوتوں کی پراکسی وار کا حصہ ہے اور جو لوگ اس میں ملوث ہیں وہ دراصل انڈیا کے آلۂ کار بنے ہوئے ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More