پاکستانی فورسز نے انڈیا کے حملوں کا بہترین جواب دیا: عمران خان

اردو نیوز  |  May 13, 2025

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی فورسز نے انڈیا کے حملوں کا بہترین جواب دیا۔

منگل کو اڈیالہ جیل میں اڈیالہ جیل میں عمران خان کی اپنے اہل خانہ سے ملاقات میں انڈیا کے پاکستان پر حملے اور پاکستانی قوم کے جوابی ردعمل کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

ان کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری کردہ بیان کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کی حالیہ کشیدگی نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ پاکستانی بہادر اور خوددار قوم ہیں۔

’میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ فوج بھی میری ہے اور یہ ملک بھی میرا ہے۔ جس طرح ہمارے جوانوں نے فضائی اور زمینی سرحدوں پر مودی کو شکست دی ویسے ہی پاکستانی عوام خصوصاً سوشل میڈیا نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی اور آر ایس ایس کے بیانیے کو دنیا بھر میں شکست دی۔‘

عمران خان نے انڈین وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’نریندر مودی نے پاکستان میں بچوں، عورتوں، بزرگوں اور تنصیبات کو ٹارگٹ کر کے بزدلی کا مظاہرہ کیا جس کا ہماری فورسز نے بہترین جواب دیا- ہم ان بزدلانہ حملوں میں شہید ہونے والے شہریوں اور فوجیوں کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔‘

’میں پاک فضائیہ سمیت تمام فوجی جوانوں کو پروفیشنلزم اور بہترین کارکردگی دکھانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے مودی کی طرح شہریوں اور سول تنصیبات کو ٹارگٹ کرنے کی بجائے پاکستان پر حملے میں شامل طیاروں اور تنصیبات کو کامیابی سے تباہ کر کے کامیابی حاصل کی۔‘

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’حالت جنگ میں فوج کو عوام کی حمایت کی بہت ضرورت ہوتی ہے اور قوم کا مورال بہت اہمیت رکھتا ہے جو فوج کا سہارا بنتا ہے۔ اس لیے میں مسلسل اس بات پر زور دیتا آیا ہوں کہ ہمیں اپنے لوگوں کو ’تنہا‘ نہیں کرنا چاہیے اور نظام انصاف کو زندہ کرنا چاہیے۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More