ملکی اداروں کیخلاف پروپیگنڈا کرنے والی خاتون افسر گرفتار

سچ ٹی وی  |  May 09, 2025

پاک فوج اور ملکی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے پر وفاقی ادارے کی اعلیٰ خاتون عہدیدار کے خلاف پروینشن آف الیکٹرانک کرائمز (پیکا) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے لاہور میں وفاقی ادارے کی خاتون عہدیدار کیخلاف مقدمہ درج کیا، مقدمہ سرکاری مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں پیکا سمیت دیگر دفعات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن کے مطابق ملزمہ وفاقی محکمے میں اعلیٰ عہدیدار ہے، پاک بھارت کشیدگی کے دوران واٹس ایپ گروپ میں ملزمہ نے لوگوں کو قومی اداروں کے خلاف بھڑکانے کی کوشش کی۔

مقدمے کے متن میں تحریر کیا گیا ہے کہ ملزمہ کے موبائل فون میں واٹس ایپ چیٹ سے پاکستان آرمی کے خلاف تضحیک آمیز میسجز کی تصدیق ہوئی۔ پیکا ایکٹ میں ایک نئی شق سیکشن 26 (اے) کو شامل کیا گیا ہے جس میں آن لائن جھوٹی معلومات پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ رواں سال پیکا ایکٹ ترمیمی بل منظور کیا گیا تھا، جس کی سیکشن 26 (اے) میں کہا گیا ہے کہ ’جو کوئی جان بوجھ کر ایسی (فیک نیوز) پھیلاتا ہے، جو عوام اور معاشرے میں ڈر، گھبراہٹ یا خرابی کا باعث بنے اس شخص کو 3 سال تک قید یا 20 لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جائیں گی۔‘

بل کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ کو تحلیل کر کے سوشل میڈیا پر غیر قانونی سرگرمیوں کی تحقیقات کے لیے نئی تحقیقاتی ایجنسی ’نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی‘ (این سی سی آئی اے) تشکیل دی گئی ہے۔

بل میں ’سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی‘ (ایس ایم پی آر اے) قائم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ یہ اتھارٹی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی رجسٹریشن یا رجسٹریشن کی منسوخی اور معیارات کے تعین کی مجاز ہو گی، اور سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم کی سہولت کاری کے ساتھ ساتھ صارفین کے تحفظ اور حقوق کو بھی یقینی بنائے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More