پاکستان کبھی بھی جھکے گا نہیں، بلاول بھٹو

سچ ٹی وی  |  May 07, 2025

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کی خودمختاری پر حملہ کیا اور بزدلانہ حملوں میں شہریوں کو نشانہ بنایا، پاکستانی مسلح افواج نے بھارتی حملوں کا بھرپور جواب دیا ہے۔ 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی خودمختاری پر حملہ کیا اور بزدلانہ حملوں میں شہریوں کو نشانہ بنایا، بھارتی افواج کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والوں کے خاندانوں سے اظہارتعزیت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے، بھارت نے پاکستانی سرزمین پر بلا اشتعال میزائل ،ڈرون اور فضائی حملے کیے، وہ گذشتہ دو ہفتوں سے پاکستان کو جارحانہ دھمکیاں دے رہا ہے، ہم نے بارہا کہا کہ پہلگام واقعے میں پاکستان ملوث نہیں اور اسی لیے ہم نے تمام بھارتی الزامات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بدقسمتی سے، بھارت نے پاکستان کی ان پیشکشوں کو مسترد کر دیا اور اس کے بجائے اس نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت پاکستان کو اس کا جواب دینے کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے کہاکہ اب تک پاکستانی مسلح افواج نے بھارتی حملوں کا بھرپور جواب دیا ہے، پاک فوج نے بھارت کے پانچ طیارے مار گرائے، بھارت نے پاکستانی علاقوں میں حملے کر کے معصوم شہریوں اور شہری انفرااسٹرکچر بشمول ایک ڈیم کو نشانہ بنایا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کو اپنی مرضی کے وقت، اپنی مرضی کی جگہ اور اپنی مرضی کے ذرائع سے جواب دینے کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے پاکستان میں دہشت گردوں کی ٹھکانوں کی موجودگی کے بنیاد الزام کا جھوٹ گھڑا ہے، اگر اس جھوٹ میں کوئی سچائی ہوتی، تو انہوں نے پاکستان کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش پر اتفاق کیوں نہیں کیا؟ سچ یہ ہے کہ بھارت نے بھارتی شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے یہ جھوٹ گھڑا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ یہ 2003 نہیں ہے، تمام مسلمان دہشت گرد نہیں ہیں اور دنیا اس طریقے سے تنگ آ چکی ہے جس طرح جارحانہ اور غیر قانونی اقدامات کو جواز فراہم کرنے کے لیے، سامراجی اقدامات کو جواز فراہم کرنے کے لیے یہ الزام اچھالا جاتا ہے، مگر پاکستان کبھی بھی جھکے گا نہیں۔ 

بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر بھارت کو پاکستان کے ملوث ہونے کا یقین ہوتا، اگر بھارت کے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہ ہوتا، تو وہ بھی ماضی میں ہماری آزادانہ تحقیقات کے مطالبے پر متفق ہو جاتا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More