ملکی حالات کے پیشِ نظر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

سچ ٹی وی  |  May 07, 2025

بھارتی فضائی حملوں کے خدشے کے پیش نظر وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے وفاق کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم دے دیا۔

وفاقی وزیرِ صحت نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں میری ترجیح عوام کی صحت کا تحفظ ہے۔ تمام ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور انتظامی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں، تمام طبی عملے کو فوری طور پر ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وفاقی وزیرِ صحت نے جنیوا اور قطر کے طے شدہ سرکاری دورے منسوخ کر دیے جبکہ وفاقی ادارہ صحت میں 24/7 ایمرجنسی کوئیک ریسپانس سینٹر قائم کر دیا ہے۔ ایمرجنسی سینٹر جنگی حالات سے متعلق فوری ردعمل کے لیے فعال کر دیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام صوبائی و ضلعی ہیلتھ اتھارٹیز سے براہِ راست رابطے کا نظام قائم کر دیا ہے، صوبائی صحت سیکرٹریز کو وزارتِ صحت سے مستقل رابطے میں رہنے کی ہدایت کر دی ہے اور تمام صوبوں کو ایمرجنسی پلان اپ ڈیٹ کرنے کا پابند بنا دیا گیا۔

سندھ حکومت نے بھی تمام سرکاری اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے عملے کی چھٹیاں منسوخ اور طبی سہولیات کو الرٹ کر دیا ہے جب کہ غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی وارننگ دی گئی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل صحت سندھ نے تمام ضلعی، تعلقہ اور بنیادی صحت مراکز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ جاری کردہ مراسلے کے مطابق تمام طبی اور غیر طبی عملے کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈکس سمیت تمام عملے کو 24 گھنٹے ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی یونٹس کو مکمل طور پر ہائی الرٹ پر رکھا جائے جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی ادویات، آکسیجن، سرجیکل سامان اور خون کی دستیابی ہر حال میں یقینی بنائی جائے۔ عملے کو ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More