بہت شرم کی بات ہے٬ دیگر ممالک نے بزدلانہ حملے پر بھارت کو آڑے ہاتھوں لے لیا

ہماری ویب  |  May 07, 2025

گزشتہ شب بزدل بھارت نے رات کے اندھیرے میں پاکستان کے مختلف شہریوں پر فضائی حملے کیے جس کے ساتھ ہی دنیا بھر کے ممالک میں تشویش کی لہر دور گئی جبکہ اقوام متحدہ، امریکا، چین، جاپان اور ترکیہ کی جانب سے بھارت کی اس جارحیت کی شدید مذمت کی گئی۔

بھارتی حملوں کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شرم ناک قرار دیا گیا۔ اپنی پریس کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ حملے شرم کی بات ہے، ہم نے ابھی پاکستان کے خلاف بھارت کے حملوں کے بارے میں سنا ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوتریس نے بھی بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کو ہی جنگ کا مورد الزام ٹھہرایا۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے بھارت اور پاکستان سے فوجی تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترکیہ نے اس بھارتی اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ترک سفیر نے بے گناہ جانوں کے ضیاع پر پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ترک سفیر نے ملاقات کرکے علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان کے مطابق پاکستان اور ترکیہ نے قریبی روابط اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چین کی جانب سے بھی بھارت کی آج صبح کی فوجی کارروائی کو افسوسناک قرار دیا گیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان کا کہنا ہے کہ ہم موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں، بھارت اور پاکستان ایک دوسرے کے ہمسایہ تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔


چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے مزید کہا کہ بھارت اور پاکستان دونوں چین کے بھی ہمسایہ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان کا کہنا تھا کہ فریقین پر زور دیتے ہیں کہ امن و استحکام کے وسیع تر مفاد میں کام کریں، تحمل سے کام لیں، صبر و ضبط کا مظاہرہ کریں، فریقین اقدامات سے گریز کریں جو صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔

جاپان نے بھارت کی جانب سے پاکستانی شہریوں پر کیے گئے فضائی حملوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جاپان نے پاک بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بات چیت کے ذریعے صورتِ حال مستحکم کرنے پر زور دیا ہے۔

جاپانی چیف کیبنٹ سیکریٹری یوشیماسا حیاشی کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی انتقامی کارروائیوں کو بھڑکا سکتی ہے اور صورتِ حال کے مکمل فوجی تصادم میں تبدیل ہونے کا خدشہ ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More