پنجاب اور اسلام آباد میں ہنگامی صورتحال: سکول بند، طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ

اردو نیوز  |  May 07, 2025

انڈیا کی جانب سے پاکستان میں مختلف مقامات پر حملوں کے بعد صوبہ پنجاب اور دارالحکومت اسلام آباد کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ سکول بھی بند رہیں گے۔ 

بدھ کی صبح بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن لاہور کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’آج سات مئی کو ہونے والے تمام پنجاب بورڈز کے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات اور میٹرک کے پریکٹیکلز ملتوی کر دیے گئے ہیں۔‘

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امتحانات کے نئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی آج تعلیمی ادارے بند رہنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ڈی سی اسلام آباد کے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کیے گئے نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر تمام نجی و سرکاری سکولز و کالجز بند رہیں گے تاہم امتحانات شیڈول کے مطابق منعقد کیے جائیں گے۔

پنجاب اور اسلام آبادہ میں ہائی الرٹ، طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ

وفاقی وزیرصحت سید مصطفی کمال کی ہدایت پر اسلام آباد کے ہسپتالوں میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا جبکہ پمز اور پولی کلینک سمیت تمام ہسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق تمام ملازمین کو ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور شہر سے باہر موجود طبی عملے کو فوری واپس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بدھ کی صبح وزیراعلیٰ آفس پنجاب کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق مریم نواز نے انڈیا کے حملے کو ’بزدلانہ‘ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حملے کو ’بزدلانہ اقدام‘ قرار دیا ہے (فوٹو: پی ایم ایل این، ایکس)

بیان کے مطابق پنجاب پولیس سمیت تمام سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ پنجاب کے تمام ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ہسپتال کے تمام عملے کو فوری طور پر ڈیوٹی سنبھالنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اسی طرح  پنجاب بھر کے تمام اضلاع کی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشنز کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ شہری دفاع سمیت دیگر تمام اداروں کے افسران اور عملے کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق مریم نواز کا کہنا تھا کہ پوری قوم متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کرے گی۔

ان کے مطابق ’دشمن نے مئی میں حملہ، 28 مئی 1998 کی طرح جواب دیں گے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More