متحدہ عرب امارات کا انڈیا اور پاکستان سے ’تحمل سے‘ کام لینے پر زور

اردو نیوز  |  May 07, 2025

عالمی برادری نے انڈیا کی جانب سے پاکستان میں مختلف مقامات پر کیے جانے والے حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے بات چیت سے مسئلے کا حل نکالیں۔

گلف نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے انڈیا اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ ’تحمل سے کام لیں، کشیدگی کو روکیں اور اسے مزید بڑھانے سے گریز کریں جس سے علاقائی اور بین الاقوامی امن کو خطرہ ہو سکتا ہے۔‘

شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے فوجی کشیدگی کو روکنے، جنوبی ایشیا میں استحکام کو مضبوط بنانے اور مزید علاقائی کشیدگی سے بچنے کے لیے بات چیت اور باہمی افہام و تفہیم کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ’سفارت کاری اور مذاکرات بحران کو پُرامن طریقے سے حل کرنے اور امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اقوام کی مشترکہ خواہشات کے حصول کا سب سے موثر ذریعہ ہیں۔‘

شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کا مزید کہنا تھا کہ ’متحدہ عرب امارات علاقائی اور بین الاقوامی تنازعات کے پُرامن حل کے حصول کے لیے تمام اقدامات کی حمایت کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔‘

انڈیا اور پاکستان امن و استحکام کو ترجیح دیں: چین

چین نے انڈیا اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور دونوں فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امن اور استحکام کو ترجیح دیں۔

چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج صبح سویرے انڈیا کی فوجی کارروائی پر افسوس اور موجودہ پیشرفت پر تشویش ہے۔

بیان کے مطابق ’ انڈیا اور پاکستان دونوں سے امن اور استحکام کو اوّلین ترجیح دینے، پُرامن رہنے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘

امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے انڈیا اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ ’تحمل سے کام لیں‘ (فوٹو: وام)

دنیا انڈیا اور پاکستان کے درمیان فوجی تصادم کی متحمل نہیں ہوسکتی: اقوام متحدہ

عرب نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’سیکریٹری جنرل کو لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد کے پار پاکستان میں انڈین فوجی کارروائیوں پر گہری تشویش ہے۔

ترجمان سٹیفن دوجارک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’انہوں (سیکریٹری جنرل) نے دونوں ملکوں سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دنیا انڈیا اور پاکستان کے درمیان فوجی تصادم کی متحمل نہیں ہوسکتی۔‘

’یہ شرمناک ہے،‘ صدر ٹرمپ کا انڈیا کے پاکستان پر حملے پر ردعمل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز کہا کہ انہیں امید ہے کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان جھڑپیں ’بہت جلد‘ ختم ہو جائیں گی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ کا بیان اس وقت سامنے آیا جب انڈین افواج نے پاکستان میں کئی مقامات پر حملے کیے اور اسلام آباد نے جوابی کارروائی کا اعلان کیا۔ صدر ٹرمپ سے جب انڈین حملے کے بارے میں پوچھا گیا کہ تو ان کا کہنا ہے ’یہ شرمناک ہے، ہمیں ابھی اس بارے میں معلوم ہوا۔‘

صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں: مارکو روبیوامریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان پیدا ہونے والی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں۔

ایکس پر اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کی اس بات سے متفق ہیں کہ امید کرتے ہیں کہ یہ صورتحال جلد ختم ہو جائے گی اور دونوں ممالک باہمی رابطوں سے پرامن حل کی طرف جائیں گے۔

منگل کو وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے انڈین اور پاکستانی ہم منصب سے بات کی ہے۔ انہوں نے بڑھتے ہوئے فوجی تصادم کو حل کرنے کے لیے فریقین پر بات چیت کے لیے زور دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم پاکستان اور انڈیا پر زور دیتے ہیں کہ وہ ایک ذمہ دارانہ قرارداد کے لیے کام کریں جو جنوبی ایشیا میں طویل مدتی امن اور علاقائی استحکام کو برقرار رکھے۔‘

انہوں نے کہا کہ امریکہ صورتحال کے بارے میں مختلف رپورٹوں سے واقف ہے۔ ’ہم دونوں ممالک کی حکومتوں کے ساتھ متعدد سطحوں پر رابطے میں ہیں۔‘

ترکیہ کا انڈیا اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر اظہارِ تشویشترکیہ نے انڈیا اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ترک سفیر نے ملاقات کرکے علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان اور ترکیہ نے قریبی روابط اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صورت حال مکمل فوجی تنازع کی جانب بڑھ سکتی ہے: جاپانجاپان کے چیف کیبنٹ سیکریٹری یوشیماسا حیاشی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’22 اپریل کو کشمیر میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائی کے حوالے سے، ہمارا ملک دہشت گردی کی ایسی کارروائیوں کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔‘

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’ہم اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہیں کہ یہ صورت حال مزید انتقامی کارروائیوں اور ایک مکمل فوجی تنازع کی طرف بڑھ سکتی ہے۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More