قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس صبح 10 بجے طلب، انڈین حملے کے بعد لائحہ عمل پر غور ہوگا

اردو نیوز  |  May 07, 2025

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج صبح طلب کر لیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی وزیرصدرات اجلاس میں انڈیا کے میزائل حملوں کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی کابینہ کے ارکان اور سکیورٹی اداروں کے سربراہان شریک ہوں گے۔

انڈیا کے میزائل حملے پر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ردِعمل میں کہا ہے کہ ’مکار دشمن نے پاکستان کے پانچ مقامات پر بزدلانہ حملہ کیا ہے۔‘

’پاکستان انڈیا کی مسلط کردہ اس جنگی عمل کا بھرپور جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے اور بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور اس کا مورال اور جذبہ بلند ہے۔‘

شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستانی قوم اور افواج پاکستان دشمن سے نمٹنا بخوبی جانتے ہیں، دشمن کو اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔‘

انڈیا کے حملے کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا: صدر آصف علی زرداری

صدر آصف علی زرداری نے انڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’انڈیا کے حملے کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔‘

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’انڈین اشتعال انگیزی کا مقابلہ بھرپور طاقت اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کیا جائے گا۔‘

 صدر کا مزید کہنا تھا کہ ’شہری علاقوں کو نشانہ بنانا، بلااِشتعال انڈین حمله بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔‘

ہم ہر طرح سے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کریں گے: اسحاق ڈار

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ’پاکستان انڈین جارحیت کی بھرپور مذمت کرتا ہے جو اس کی خودمختاری، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔‘

بدھ کو اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر ایک بیان میں پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’انڈیا نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔‘

’پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کی شق 51 کے تحت جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، ہم ہر طرح سے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کریں گے۔‘

پاکستان کو انڈیا کے خلاف زوردار جوابی حملہ کرنا چاہیے: عمر ایوب خان

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ انڈیا نے پاکستان پر کئی مقامات پر میزائلوں سے حملہ کیا ہے اور یہ جنگ کا کھلا اعلان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں گذشتہ سات روز سے اس کی نشان دہی کر رہا تھا اور ممکنہ مقامات کا ذکر بھی کیا تھا۔‘

پاکستان تحریک انصاف عوام اور اس کے دفاع کے لیے لڑنے والوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم مل کر ملک کا دفاع کریں گے۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ ’پاکستان کو انڈیا کے خلاف فوری اور زوردار جوابی حملہ کرنا چاہیے۔ ہمیں انڈیا اور فاشسٹ مودی کو ایسا سبق سکھانا ہوگا جو وہ کبھی نہ بھولے۔‘

’یہ نہایت ضروری ہے کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل سے فوری رہا کیا جائے کیونکہ وہ واحد شخصیت ہیں جو قوم کو یکجا کر سکتے ہیں۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More