روس کی کشمیر کے مسئلے پر پاکستان اور انڈیا کے درمیان تنازع حل کروانے کی پیشکش

اردو نیوز  |  May 05, 2025

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اپنے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک گفتگو کی اور کشمیر کے مسئلے پر پاکستان اور انڈیا کے درمیان تنازع حل کروانے کی پیشکش کی۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گفتگو میں ’اسلام آباد اور دہلی کے درمیان کشیدگی میں اضافے پر خاص توجہ دی گئی۔‘

روس کی وزارت خارجہ کی طرف سے سوشل میڈیا ایپ ٹیلی گرام پر جاری بیان کے مطابق ’22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر روس دونوں اطراف کی رضامندی ہونے پر سیاسی حل کروانے کے لیے تیار ہے۔‘

روس کی وزیر خارجہ کی اسحاق ڈار کے ساتھ گفتگو انڈین وزیر خارجہ جے شنکر سے ہونے والی بات چیت کے دو روز بعد ہوئی جس میں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کا حل نکالنے کی اپیل کی۔

اتوار کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے وزیر خارجہ لاوروف کو حالیہ علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے انڈیا کے بے بنیاد الزامات اور اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کیا اورانڈیا کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کی مذمت کی، جو کہ اس کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی ہے۔

علاقائی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، ڈپٹی پرائم منسٹر نے زور دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کا پُرزور دفاع کرے گا۔ انہوں نے ایک بین الاقوامی، شفاف اور آزادانہ تحقیقات کی پیشکش بھی دی۔

وزیر خارجہ لاوروف نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور کشیدگی سے گریز کرنا چاہیے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More