بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سڑک کے تعمیراتی منصوبے پر کام کرنے والے چار مزدور اغوا

اردو نیوز  |  May 04, 2025

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم افراد نے سڑک کی تعمیر کے منصوبے پر کام کرنے والے چار مزدوروں کو اغوا کر لیا ہے۔

نوشکی لیویز کنٹرول کے مطابق واقعہ اتوار کو نوشکی سے 40 کلومیٹر دور زرین جنگل میں البت کے مقام پر پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے نوشکی کو خاران سے ملانے والی سڑک پر کام کرنے والی تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کیا۔

لیویز کے مطابق مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کے ٹرکوں اور مشنری کو آگ لگا کر تباہ کر دیا اور چار مزدوروں کو اغوا کر کے پہاڑوں کی طرف فرار ہو گئے۔

گذشتہ روز اسی طرح کے ایک واقعے میں قلات سے عسکریت پسندوں نے پانچ پولیس اہلکاروں کو اغواکر لیا تھا۔ 

حملے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی تھی۔

قلات کی ضلعی انتظامیہ کے ایک افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ ’یہ واقعہ جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب کوئٹہ سے تقریباً 110 کلومیٹر دور قلات کی تحصیل منگچر میں اُس وقت پیش آیا جب سینٹرل جیل گڈانی سے 10 قیدیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جا رہا تھا۔‘

’منگچر کے قریب خزینی کے مقام پر 12 سے زائد مسلح افراد نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو بند کر کے گاڑیوں کی تلاشی شروع کر دی۔‘

ادھر گذشتہ ہفتے نوشکی میں تیل سے بھرے ٹرک کے پھٹنے سے لگی آگ کے متاثرین میں سے مزید چار زخمی دم توڑ گئے ہیں۔

ان اموات سے حادثے میں مرنے والے افراد کی تعداد 19 تک پہنچ گئی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More