وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنااللہ نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہےکہ مودی سُن لو ، یہ جس میزائل کا ہم نے آج تجربہ کیا ہے یہ ایٹمی ہتھیار لے جاسکتا ہے۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے سیاسی مشیر نے کہا کہ اپنی سالمیت کی خاطر ہر حد تک جانے کو تیار ہیں ، بھارت اگر گزشتہ تجربے بھول گیا ہو تو آج کا تجربہ یادداشت کے لیے ہے۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کیا، مودی پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، پہلگام واقعے میں ہلاک افراد بےگناہ تھے، وزیراعظم نے کہا کہ پہلگام کی تحقیقات کرائیں لیکن بھارت اس کی طرف نہیں آیا۔
انہوں نےکہا کہ بھارت کا مقصد ہےکہ پہلگام واقعے کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم کرے،کشمیریوں پر اتنا ظلم 75 سال میں نہیں ہوا جتنا 7٫8 دنوں میں ہوا، یہ ظلم کشمیریوں کو روک نہیں سکتا وہ حق خودارادیت لے کر ہی رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی نے آئی ایم ایف سے بھی مطالبہ کیا ہےکہ پاکستان سے معاہدہ کینسل کرے، مودی کی طرح گالم گلوچ بریگیڈ بھی یہی چاہ رہی ہے،گالم گلوچ بریگیڈ آئی ایم ایف کے دفتر کے سامنے احتجاج کرتی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے آج زمین سے زمین تک ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے والے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ابدالی میزائل زمین سے زمین تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ابدالی میزائل کی رینج 450 کلو میٹر ہے اور میزائل جدید نیویگیشن سسٹم سے لیس ہے۔