ولادیمیر پوتن کی جنگ بندی کی پیشکش پر یوکرین کا جواب مبہم ہے: روس

اردو نیوز  |  May 03, 2025

روس نے کہا ہے کہ وہ صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے یوکرین کو اگلے ہفتے تین دن کی جنگ بندی کی پیشکش پر واضح جواب چاہتا ہے اور اس نے یوکرین کے ردعمل کو مبہم قرار دیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق روسی صدر نے سویت یونین اور اس کے اتحادیوں کی جرمنی کے خلاف جنگ عظیم دوم میں فتح کے 80 سال مکمل ہونے پر تین دن کی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔

روس نے کہا کہ 72 گھنٹوں کی جنگ بندی 8  سے 10 مئی تک ہوگی اور اس دوران 9 مئی کو پوتن چینی صدر سمیت عالمی رہنماؤں کی میزبانی کریں گے۔

تاہم یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلینسکی نے سنیچر کو کہا کہ وہ اس مختصر دورانیے کے بجائے کم از کم ایک ماہ کی جنگ بندی قبول کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ روس کے ساتھ جاری جنگ کے دوران 9 مئی کی پریڈ دیکھنے کے لیے آنے والے مہمانوں کی حفاظت کی ضمانت نہیں دے سکتے۔

روس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ دھمکی ہے، جبکہ روسی سکیورٹی کونسل کے ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ اس بات کی بھی کوئی ضمانت نہیں دے سکتا کہ 9 مئی کو ماسکو پر حملے کی صورت میں یوکرین کا دارلحکومت کیف 10 مئی کی صبح دیکھ سکے گا۔

انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ پوتن کی تین دن کی جنگ بندی کی پیشکش اس بات کا اندازہ لگانے کے لیے تھی کہ کیا یوکرین جنگ کو ختم کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے یوکرین کے حکام پر ’نیو نازی‘ ہونے کا الزام لگایا جسے یوکرین رد کرتا رہا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More