پہلگام حملہ، انڈیا نے پاکستان سے تمام درآمدات پر پابندی لگا دی

اردو نیوز  |  May 03, 2025

انڈیا نے پہلگام حملے کے بعد پاکستان کے خلاف اقدامات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پڑوسی ملک سے تمام اشیاء کی براہِ راست اور بالواسطہ درآمد پر پابندی عائد کر دی ہے۔

انڈیا کی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق دو مئی کو جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزارت تجارت اور صنعت نے ملک کی غیر ملکی تجارتی پالیسی میں ترمیم کر دی ہے۔

ترمیم کے تحت ’پاکستان سے آنے والے یا برآمد ہونے والے تمام سامان کی براہ راست یا بالواسطہ درآمد یا ٹرانزٹ کو روک دیا گیا ہے۔‘

نوٹی فکیشن میں وزارت تجارت اور صنعت نے قومی سلامتی اور عوامی پالیسی کے حوالے سے خدشات کا حوالہ دیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پابندی ’اگلےاحکامات تک‘ نافذ رہے گی۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ جو انڈیا کے بیرونی تجارتی ضوابط کی نگرانی کرتا ہے، نے کہا ہے کہ ’پابندی سے کسی بھی استثنیٰ کے لیے نئی دہلی میں حکومت سے واضح منظوری درکار ہوگی۔‘

جمعے کو انڈین ایکسپریس نے رپورٹ کیا تھا کہ حکومت، پاکستان کو عالمی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت پر نظر رکھنے والے ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی ’گرے لسٹ‘ میں واپس لانے کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔

ایک سینیئر سرکاری اہلکار نے جمعے کو کہا تھا کہ انڈیا پاکستان کو فنڈز اور قرض کی فراہمی روکنے کے لیے ورلڈ بینک، آئی ایم ایف اور ایشیئن ڈیویلپمنٹ بینک وغیرہ سے رابطہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ 

پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور انڈیا کے تعلقات مزید کشیدہ ہو چکے ہیں۔ انڈیا کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور واہگہ بارڈر بند کرنے کے بعد پاکستان نے انڈیا سے تجارت کو مکمل طور پر بند کر دیا تھا۔

پاکستان کی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ دبئی اور دیگر ممالک کے ذریعے پاکستان لائی جانے والے انڈین مصنوعات پر بھی مکمل پابندی ہو گی۔

سنہ 2019 میں ہونے والی پاک انڈیا کشیدگی کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست تجارت نہ ہونے کے برابر ہے، البتہ ٹرانزٹ ٹریڈ کے فارمولے کے تحت بذریعہ پاکستان، افغانستان اور انڈیا کے درمیان تجارت جاری تھی جس کو اب بند کر دیا گیا ہے۔

انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے سبب پاکستان نے انڈین ایئرلائنز کو اپنی فضائی حدود کے استعمال سے روک دیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کی بندش کے اعلان کے چند دن بعد انڈیا نے بھی پاکستانی ایئرلائنز کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More