ملتان سلطانز ٹائٹل کی دوڑ سے باہر، پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ٹیم کون سی ہے؟

سچ ٹی وی  |  May 02, 2025

پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) 10 میں کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست کے بعد ملتان سلطانز ٹرافی جیتنے کی ریس سے باہر ہوگئی۔

جمعرات کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 87 رنز سے شکست دے کر پلے آف سے باہر کر دیا۔

یہ ملتان سلطانز کی پی ایس ایل 10 میں ساتویں شکست تھی۔

لاہور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جانے والا دوسرا میچ بارش کے باعث ختم کردیا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 11 اعشاریہ 3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے تھے کہ تیز آندھی اور غبار آلود ہواؤں کے باعث میچ روک دیا گیا۔

تھوڑی دیر بعد موسلا دھار بارش شروع ہوگئی جس کے باعث میچ دوبارہ شروع نہ ہوسکا اور میچ ریفری نے میچ ختم کرنے کا اعلان کیا۔

پوائنٹس ٹیبل کی کیا صورتحال ہے؟

پی ایس ایل 10 کے پوائنٹس ٹیبل کی بات کریں تو اسلام آباد یونائیٹڈ 6 میچز کھیل کر 5 میں کامیابی کے بعد 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم 8 میچز میں4 میں کامیابی، 3 میں شکست اور ایک میچ بے نتیجہ ہونے کے بعد 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 7 میچز میں 4 میں کامیابی،2 میں شکست اور ایک میچ بے نتیجہ ہونے کے بعد 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔

اس کے علاوہ کراچی کنگز 7 میچز میں 4 میں کامیابی کے ساتھ 8 پوائنٹس حاصل کرکے چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

پشاور زلمی 6 میچز میں 2 میں کامیابی کے بعد 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور ملتان سلطانز 8 میچز میں صرف ایک کامیابی کے ساتھ ٹیبل پر آخری پوزیشن پر ہے۔

واضح رہے کہ ٹاپ 4 ٹیمیں پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More